پی آئی اے حج آپریشن پہلی حج پرواز 300 عازمین کو لے کر کل مدینہ روانہ ہوگی

فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد حاجیوں کی واپسی کے لیے بعد ازحج آپریشن 27اگست سے شروع کیا جائے گا

فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد حاجیوں کی واپسی کے لیے بعد ازحج آپریشن 27اگست سے شروع کیا جائے گا۔ فوٹو: فائل

پی آئی اے نے قبل از حج آپریشن کا فلائٹ شیڈول جاری کر دیا، پہلی خصوصی حج پرواز 14 جولائی کو کراچی سے 300عازمین کو لے کر مدینہ روانہ ہو گی۔

ترجمان پی آئی اے مشہود تاجور کے مطابق جناح ٹرمینل سے پہلی خصوصی پرواز پی کے 7001 مدینہ کے لیے روانہ ہوگی ،جس میں 300 عازمین ہوں گے جن کو پی آئی اے کے سی ای او مشرف رسول سیان سمیت دیگر افسران الوداع کریں گے۔


ترجمان کے مطابق حج کی دوسری خصوصی حج پرواز پی کے 7003 چودہ جولائی کی صبح 6 بج کر 55 منٹ پر اسلام آباد سے 300 سے زائد عازمین کو لے کر مدینہ روانہ ہوگی ،تیسری حج پرواز پی کے 7017 سولہ جولائی کو دوپہر ڈھائی بجے 300 سے زائد عازمین کو لے مدینہ روانہ ہوگی ،چوتھی حج پرواز پی کے 0763 سترہ جولائی کو فیصل آباد سے دوپہر 2 بج کر 50 منٹ پر 300 کے قریب عازمین کو لے کر جدہ روانہ ہوگی۔

ترجمان کے مطابق 250 خصوصی اورشیڈول پروازوں کے ذریعے 60 ہزار عازمین حج کو حجاز مقدس پہنچایا جائے گا ،پی آئی اے اس سال بھی اپنے ہی طیاروں کے ذریعے حج آپریشن مکمل کرے گی ،قومی ائرلائن کے حج آپریشن کے دوران بوئنگ 777 اور ائیربس 320 طیارے عازمین حج کو سفری سہولیات فراہم کریں گے، عازمین حج کی 14 جولائی کو شروع ہونے والی روانگی کا سلسلہ 15اگست تک جاری رہے گا، جبکہ فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد حاجیوں کی واپسی کے لیے بعد ازحج آپریشن 27 اگست سے شروع کیا جائے گا۔
Load Next Story