پاکستان فیصلہ کن موڑ پر ہے نواز شریف

عوام کی نسلوں اورپاکستان کے مستقبل کے لیے قربانی دے رہاہوں، نواز شریف

مجھے معلوم ہے کہ مجھے دس سال کی سزا ہوئی ہے اور مجھے سیدھا جیل میں لے جایا جائے گا، نواز شریف فوٹو:فائل

سابق وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان ایک فیصلہ کن موڑ پر کھڑا ہےمیں یہ قربانی آپ کی نسلوں اور پاکستان کے مستقبل کے لیے دے رہاہوں۔

پاکستان کے سابق وزیر اعظم نواز شریف نے جہاز سے ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایک فیصلہ کن موڑ پر کھڑا ہے، جو میرے بس میں ہے اور جو میرے بس میں تھا وہ میں نے کر دیا ہے، مجھے معلوم ہے کہ مجھے دس سال کی سزا ہوئی ہے اور مجھے سیدھا جیل میں لے جایا جائے گا، لیکن میں پاکستانی عوام کو یہ بتانا چاہتا ہوں کہ یہ میں آپ کے لیے کر رہا ہوں، میں یہ سب آپ کی آنے والی نسلوں کے لیے کر رہا ہوں۔

سابق وزیر اعظم نے کہا میں یہ قربانی آپ کی نسلوں کے لیے، آپ کے مستقبل اور پاکستان کے مستقبل کے لیے دے رہا ہوں، میرا بھرپور ساتھ دیں، میرے قدم سے قدم ملا کر چلیں، میرے ہاتھوں میں ہاتھ ڈالیں، آئیں ملک کی تقدیر بدلیں یہ موقع بار بار نہیں آئے گا، میرا بس یہی پیغام ہے قوم کے نام۔ نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا نواز شریف نے اپنا فرض نبھا دیا، اب آپ کی باری ہے۔



نوازشریف اور مریم نواز کو ہیلی کاپٹر سے اسلام آباد منتقل کیاجائے گا


احتساب عدالت سے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا یافتہ نواز شریف اور مریم نواز آج نجی ایئرلائن کی پرواز سے شام تقریباً پونے سات بجے وطن واپس پہنچیں گے جہاں انہیں لاہور ایئر پورٹ سے ہی گرفتار کرکے ہیلی کاپٹر سے اسلام آباد منتقل کیاجائے گا۔ اس موقع پر سول ایوی ایشن نے لاہور ایئرپورٹ پر ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ میاں نواز شریف اورمریم نواز کی آمد سے قبل ایئرپورٹ پر پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی ہے۔

نوازشریف کے حامیوں کا ریلی کا اعلان


دوسری جانب نواز شریف کے حامیوں اورمسلم لیگ (ن)کی مقامی قیادت نے نو بجے ریلی کا اعلان کررکھا ہے، ریلی کی قیادت ملسم لیگ(ن)راولپنڈی کے صدر سردار نسیم کریں گے۔

Load Next Story