بلدیہ عظمیٰ انتخابی امیدوار پرچم پوسٹرز اور بینرز لگانے کے لیے رقم ادا کرنے کے پابند

سڑکوں پر3x6اسکوائر فٹ کے بینراور 2x3 اسکوائر فٹ کے پورٹریٹ لگانے پر 100 روپے فی دن اداکرنے ہوں گے

سیاسی اشتہارات لگانے والوں پر چارجز فوری طور پر لاگو ہوں گے اور الیکشن کے دن تک نافذ العمل رہیں گے۔ فوٹو: فائل

بلدیہ عظمیٰ نے تمام سیاسی جماعتوں سے شاہراہوں ، سڑکوں اورچوراہوں پر بینرز، پوسٹرز، پورٹریٹ، ہینڈ بلز، جھنڈے لگانے کے لیے اپنے لیٹر ہیڈ پر کے ایم سی کے محکمہ فنانس سے رابطہ کرنے کے لیے کہا ہے تاکہ انھیں مقرر کیے گئے ریٹ کے مطابق باقاعدہ اجازت نامہ جاری کیا جاسکے۔


بلدیہ عظمیٰ نے الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کیے گئے حکم نامے پر عمل کرتے ہوئے شہر کی حدود میں سیاسی اشتہارات کی اشاعت بشمول ہینڈ بلز ، پوسٹرز، جھنڈوں اور بینرز کے سائز اور نرخ مقرر کردیے ہیں جس کے مطابق پولز پر لگائے گئے پورٹریٹ اور باندھے گئے بینرز اور دیگر اشتہاری مواد کے نرخ لاگو ہوں گے۔

3x6 اسکوائر فٹ کے بینر لگانے پر 100 روپے فی دن ہوں گے جبکہ 2x3 اسکوائر فٹ پورٹریٹ کے چارجز مبلغ 100 روپے فی دن ،18x23 انچ پوسٹرایک روپیہ فی دن ، ہینڈ بلز، پمفلٹ، لیف لیٹ جس کا زیادہ سے زیادہ سائز 9x6 انچ ہونا چاہیے ایک روپیہ چارجز ہوں گے جبکہ لگائے جانے والے سیاسی پرچموں کے لیے فی پرچم ایک روپیہ چارج کیے جائیں گے ، یہ چارجز فوری طور پر لاگو ہوں گے اور الیکشن کے دن تک نافذ العمل رہیں گے۔
Load Next Story