موجودہ حالات میں پاکستان مزید تجربات کا متحمل نہیں ہوسکتا شہباز شریف

عوام اپنے ووٹ کو تقسیم نہ ہونے دیں کیونکہ منقسم مینڈیٹ ملک کےلئے تباہ کن ہوگا،شہباز شریف


ویب ڈیسک May 07, 2013
اگر اللہ نے اس قوم پر مہربانی نہ کی تو ہم اندھیروں میں ڈوب جائیں گے،شہباز شریف۔ فوٹو: فائل

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ منقسم مینڈیٹ پاکستان کےلئے تباہ کن ہوگا اور حالات ایسے نہیں کہ پاکستان میں کوئی نیا تجربہ کیا جائے۔

لاہور میں تقریب سے خطاب کے دوران شہباز شریف نے کہا کہ 11 مئی کو ہونے والے انتخابات پاکستان کے مستقبل کا تعین کریں گے، موجودہ حالات میں پاکستان ایسے مرحلے میں ہے کہ یہ مزید تجربات کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ عوام اپنے ووٹ کو تقسیم نہ ہونے دیں کیونکہ منقسم مینڈیٹ ملک کےلئے تباہ کن ہوگا، اس لئے عوام تک حقیقت پہنچانا ان کا فرض اور فیصلے کا اختیار عوام کا حق ہے۔ عوام کو یہ فیصلہ کرنا ہے کہ ملک میں آئندہ ان لوگوں کو لے کر آنا ہے جو اخلاقیات کی دھجیاں اڑاتے ہیں، اپنی ہی بات پر قائم نہیں رہتے، جو کل تک اپنے مخالف کو چپڑاسی تک رکھنے کے لئے تیار نہ تھے آج گلے مل رہے ہیں یا ان لوگوں کو خدمت کا موقع دیا جائے جو قوم کا درد رکھتے ہیں اور ملک کو اندھیروں سے نکالنے کے اہل بھی ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ 1994 تک ملک میں بجلی کی پیداوار کا 70 فیصد حصہ ہائیڈل ذرائع سے جبکہ 30 فیصد تھرمل ذرائع سے بنتا تھا اس لئے ملک کو سستی بجلی میسر تھی تاہم 1994 کے بعد پیپلز پارٹی کی حکومت نے آئی پی پیز کی پالیسی بنائی جو ان کا حق تھا لیکن بعد میں جس طرح پرمٹ جاری کئے گئے اور کرپشن کے دروازے کھولے گئے وہ اس ملک میں بجلی کے بحران کا باعث بنا۔ اسی طرح گزشتہ 5 سال میں پاکستان کی معیشت تباہ کردی گئی۔ صنعتیں بند اور مزدوروں کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے کردیئے گئے، آج ہر جانب بھوک ، افلاس اور بےروزگاری کا راج ہے لیکن عمران خان کولوٹ کھسوٹ میں آصف زرداری کا کوئی قصورنظرنہیں آتا۔ انہوں نے کہا کہ اگر اللہ نے اس قوم پر مہربانی نہ کی تو ہم اندھیروں میں ڈوب جائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں