زرداری حکومت کی معاشی ابتری کا ملبہ آنے والی حکومت پربھی گرے گا نوازشریف

آصف زرداری پردے کے پیچھے بیٹھے ہوئے ہیں لیکن انہوں نے اپنی بی ٹیم میدان میں اتاری ہے، نواز شریف


ویب ڈیسک May 07, 2013
11مئی کے بعد کھلاڑی بھی نظر نہیں آئےگا، نواز شریف۔ فوٹو: این این آئی

مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے کہا ہے کہ ہاتھ میں بلا اٹھا کر گھومنے والے ملک کی خدمت نہیں کرسکتے، آج مسلم لیگ(ن) کے خلاف پیپلزپارٹی، تحریک انصاف اور(ق)لیگ یک زبان ہوکر بات کررہے ہیں۔

ہری پور، پشاور اور صوابی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا کہ 11 مئی کے انتخابات ملک کے لئے بہت اہم ہیں، ملک مختلف بحرانوں کا شکار ہے، عوام تمام جماعتوں کی کارکردگی دیکھیں اور پھرووٹ دیں، قوم پاکستان کومصیبتوں سے نکالنے اور عالمی طور پر تنہائی سے باہر نکالنے کے لئے ووٹ دے، انہیں اپنے لئے کچھ نہیں چاہیے اور جو چاہیے وہ عوام کےلئے چاہیے، آئندہ کے دن بھی اچھے نہیں کیونکہ آصف زرداری حکومت نے اتنے قرضے لیے جو گزشتہ 60 سال میں نہیں لئے گئے، اگر ان کی حکومت بنی تو سب سے پہلے اربوں ڈالر کے قرضے واپس کرنے ہوں گے۔ سابق حکومت کو لوڈ شیڈنگ پرویز مشرف سے تحفے میں ملی اور آصف زرداری نے مشرف کے اس تحفے کو اور بڑھا دیا، آصف زرداری سے پوچھا جانا چاہیئے کہ 5 سال میں لوڈشیڈنگ کا مسئلہ کیوں حل نہیں ہوا۔ اب آصف زرداری صاحب پردے کے پیچھے بیٹھے ہوئے ہیں، ان کےاشتہارچل رہے ہیں لیکن انہوں نے اپنی بی ٹیم میدان میں اتاری ہے جس کا مقصد مسلم لیگ (ن) کے ووٹ کاٹنا ہے۔یہ لوگ بلے ہاتھ میں گھماتے ہوئے انہیں ابے اوئے نواز شریف کہہ کر بلاتے ہیں، لیکن 11مئی کے بعد کھلاڑی بھی نظر نہیں آئےگا۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر نے کہا کہ ان پر الزام لگایا جاتا ہے کہ وہ آزمائے ہوئے ہیں لیکن یہ الزام لگانے والوں کو یہ بھی پتہ ہونا چاہئے کہ وہ ہر آزمائش پر پورا بھی اترے ہیں،مسلم لیگ (ن) نے صرف بلے نہیں گھمائے ملک کے لئے کام بھی کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو سنجیدہ طریقے سے سوچنا ہوگا کہ پاکستان کو دلدل سے نکالنا ہے تو مسلم لیگ (ن) کا ساتھ دینا ہوگا۔ عوام 11 مئی کو پاکستان کی ترقی کے لیے شیر کو ووٹ دیں، مسلم لیگ (ن) ہی ملک کو اندھیروں سے نکالے گی،انہیں یقین ہے کہ اگر ان کی حکومت آئی تو ہزارہ صوبہ بھی بن کر رہے گا اگر ان کا ووٹ مسلم لیگ (ن) کو نہیں گیا تو لوڈ شیڈنگ کے اندھیرے ان کا مقدر بنے رہیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں