کینسر کا سبب بننے پر کاسمیٹک کمپنی پر 47 ارب ڈالر ہرجانہ عائد

عدالت کو بچوں کے ٹالکم پاؤڈر سے خواتین میں اووری کا کینسر ہونے کی 9 ہزار شکایات موصول ہوئی تھیں


ویب ڈیسک July 14, 2018
بچوں کے ٹالکم پاؤڈر سے خواتین میں اووری کے کینسر کی شکایات موصول ہوئی تھیں۔ فوٹو : فائل

BAHAWALPUR: امریکی عدالت نے نومولود بچوں کے لیے کاسمیٹک پروڈکٹس بنانے والی معروف کمپنی جانسن اینڈ جانس کو خواتین میں رحم کے کینسر کا سبب بننے پر 4.7 ارب ڈالر ہرجانہ عائد کردیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق امریکی ریاست میسئوری کی عدالت 22 خواتین کی شکایت پر معروف کاسمیٹک کمپنی پر ابتدائی طور پر 550 ملین ڈالر ہرجانہ عائد کیا ہے جب کہ نقصان کے ازالے کے طور پر مزید 4.1 بلین ڈالر شکایت کنندگان کو ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔

میسئوری کی عدالت میں معروف کاسمیٹک کمپنی جانسن اینڈ جانسن کے خلاف 9 ہزار شکایات کی سنوائی کے لیے قائم کی گئی جیوری نے 6 ہفتے سماعت کی جس کے دوران عدالت میں 22 متاثرہ خواتین پیش ہوئیں جنہوں نے معروف کمپنی کا بے بی پاؤڈر استعمال کرنے کی وجہ سے رحم کے کینسر میں مبتلا ہونے کا دعویٰ کیا تھا جب کہ 6 خواتین اس کینسر کی وجہ سے ہلاک ہوئیں۔

متاثرہ خواتین کے وکلاء نے موقف اختیار کیا کہ کمپنی کو اپنے ٹالکم پاؤڈر میں موجود ایک مضر عنصر کی موجودگی کا علم تھا جس سے صارفین کو لاعلم رکھا گیا حالانکہ مضر عنصر کی موجودگی اور اس سے ہونے والے نقصانات سے صارفین کو آگاہ کرنا کمپنی کی اخلاقی اور قانونی ذمہ داری بنتی تھی لیکن کمپنی غفلت کی مرتکب ہوئی۔

دوسری جانب جانسن اینڈ جانسن نے عدالتی فیصلے کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے فیصلے کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ کمپنی نے کہا ہے کہ ہماری پروڈکٹس میں نامیاتی سلیکیٹ موجود نہیں اور نہ ہی ہماری پروڈکٹس کے استعمال سے کینسر ہونے کے امکانات ہیں، ایف ڈی اے نے بھی 2010ء میں ایک تحقیق کے بعد جانسن اینڈ جانسن کی پروڈکٹس میں سلیکیٹ کی آمیزش کی تردید کی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں