لاہور عمران خان جلسے میں لفٹر سے گرکر زخمی اسپتال منتقل

خوش قسمتی سے عمران خان کو زیادہ گہری چوٹ نہیں آئی وہ ہوش میں ہیں تاہم انہیں آرام کی شدید ضرورت ہے۔، ڈاکٹرز

خون کے بہاؤ کو روکنے کے لئے عمران خان کے سر پر دو ٹانکے آئے ہیں، فوٹو : ایکسپریس نیوز

لاہور:
تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان جلسے میں اسٹیج پر چڑھتے ہوئے لفٹر سے گر کر زخمی ہوگئے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق غالب مارکیٹ لاہور میں جلسے میں خطاب کے لئے عمران خان اپنے 3 گارڈز کے ہمراہ لفٹر کے ذریعے اسٹیج پرجارہے تھے کہ ایک گارڈ کا توازن خراب ہوگیا، اس نے عمران خان کو پکڑنے کی کوشش کی تو اس دوران تمام افراد 14 سے 16 فٹ بلندی سے گرگئے، جس کے نتیجے میں عمران خان کے سر کے پچھلے حصے پر چوٹ آئی اور ان کے سر سے خون بہنے لگا،عمران خان کو پہلے فضل اسپتال لبرٹی لےجایا گیا جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی، جس کے بعد انہیں شوکت خانم اسپتال لے جایا گیا ہے، جہاں ان کا مکمل معائنہ کیا جائے گا۔ اسپتال کے باہر تحریک انساف کے ہزاروں کارکن موجود ہیں جن میں نوجوانوں کے علاوہ خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد شامل ہے۔


ڈاکٹرز کے مطابق زیادہ بلندی سے گرنے کے باعث عمران خان کو سر اور کمر پر چوتیں آئی ہیں تاہم خوش قسمتی سے یہ چوٹیں شدید نوعیت کی نہیں، خون کے بہاؤ کو روکنے کے لئے عمران خان کے سر کے اگلے حصے میں 5 اور پچھلے حصے پر 6 ٹانگے لگے، اب ان کی حالت خطرے سے باہر ہےاور وہ ہوش میں ہیں تاہم انہیں آرام کی شدید ضرورت ہے۔ عمران خان کی حالت کے پیش نظر تحریک انصاف نے آج لاہور میں ہونے والے جلسوں کو ملتوی کردیا ہے۔


چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) فخر الدین جی ابراہیم، صدر آصف علی زرداری، مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف، متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین، منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے عمران خان کے ساتھ پیش آنے والے حادثے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ان کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کی ہے۔
Load Next Story