خودکش حملے قابل مذمت ہیں صدر ممنون حسین

پاکستان قابل سیاستدان سے محروم ہو گیا، جنرل باجوہ


مستونگ دھماکے میں شہید سراج و دیگر کی بلندی درجات، زخمیوں کی صحت یابی کیلیے دعا۔ فوٹو: فائل

صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ خودکش حملے قابل مذمت ہیں۔

صدر ممنون حسین، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، نگراں وزیراعظم ناصر الملک،آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، نگراں وفاقی وزرا علی ظفر، اعظم خان، آصف علی زرداری ، بلاول بھٹو زرداری، سراج الحق، مولانا فضل الرحمن، طاہرالقادری، گورنر پنجاب رفیق رجوانہ و دیگر نے بنوں میں اکرم درانی پر حملے اور مستونگ میں ہونے والے بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے نوابزادہ سراج رئیسانی سمیت دیگر شہدا کے درجات کی بلندی کیلیے دعا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلیے دعا کی ہے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے قمیتی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان انتہائی مخلص اور قابل سیاستدان سراج رئیسانی سے محروم ہو گیا ہے، جمہوریت کو پٹڑی سے اتارنے کی دشمن قوتوں کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی، تمام پاکستانی متحد ہو کر دشمن قوتوں کو شکست دیں گے۔

دوسری جانب نگراں وزیراعظم ناصر الملک نے وزیراعلیٰ بلوچستان کو فون کیا اور ان سے مستونگ دھماکے کی تفصیلات معلوم کیں، نگراں وزیراعظم پیر کو بلوچستان کا دورہ بھی کریں گے، انھوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا، دہشت گرد ملک کی ترقی، خوشحالی اور جمہوریت کو سبوتاژ کرنے کے درپے ہیں لیکن تمام سیاسی جماعتوں کو جمہوریت کی بقا اور ملک کی ترقی کیلیے اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہوگا۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر سلیم مانڈوی والا، قائد ایوان سینیٹ سینیٹر راجا ظفر الحق اور قائد حزب اختلاف سینیٹ سینیٹر شیری رحمن نے بھی دھماکوں کی مذمت کی ہے، انھوں نے کہا کہ نگراں حکومت کی ذمے داری ہے کہ وہ الیکشن کے دوران امیدواروں کو سیکیورٹی فراہم کرے، انھوں نے کہا کہ دہشت گردی سے نمٹنے کیلیے پوری قوم اور اداروں کو متحد ہونا پڑے گا۔

نمائندہ ایکسپریس کے مطابق مولانا محمد امجد خان کے مطابق مولانا فضل الرحمن نے حاجی اکرم خان درانی سے فون پر ان کی خیریت دریافت کی اور حاجی اکرم خان درانی نے حالات کی تفصیلات سے آگاہ کیا، نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری نے اکرم درانی کے قافلے پر بم حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ نگراں حکومت تمام سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کو تحفظ فراہم کرے، نگراں حکومت کو قانون کی رٹ بحال کرنا ہوگی، سراج الحق نے کہا کہ دہشت گردی کا ناسور ایک بار پھر پھوٹ پڑا ہے، امیر جماعۃ الدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید ودیگر نے بھی واقعے کی شدید مذمت کی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں