سینڈزپٹ پر سمندر میں نہانے والے2 افراد ڈوب گئے

ایک لاش نکال لی گئی، اندھیراہونے کی وجہ سے دوسرے لڑکے کی تلاش آج کی جائے گی

سرجانی ٹاؤن سے آئے ہوئے افراد سمندر میں نہا رہے تھے کہ تیز لہریں2 افراد کو کھینچ کر لے گئیں۔ فوٹو:فائل

سینڈزپٹ پر پکنک منانے کے دوران سمندر میں نہانے والے2 افراد ڈوب گئے ایک کی لاش نکال لی گئی جبکہ لاپتہ ہونے والے دوسرے نوجوان کی تلاش آج (ہفتے کو) دوبارہ شروع کی جائے گی۔

ہاکس بے سینڈزپٹ کے ساحل پر پکنک منانے کے دوران سمندر میں نہاتے ہوئے 2 افراد ڈوب گئے۔ ایمرجنسی رسپارنس سینٹر ہاکس بے کے انچارج معراج نے بتایاکہ سینڈزپٹ پر ہٹ نمبر N-104 کے سامنے سرجانی ٹاؤن سے آئے ہوئے افراد سمندر میں نہارہے تھے کہ تیز لہریں2 افراد کو کھینچ کر لے گئیں جس کی اطلاع پر لائف گارڈز موقع پر پہنچ گئے اور سخت جدوجہد کے بعد ڈوبنے والے ایک شخص کو تشویشناک حالت میں باہر نکال کر ایدھی ایمبولینس کے ذریعے قریبی اسپتال روانہ کردیا جو بعدازاں جاں بحق ہوگیا جس کی شناخت 30 سالہ شاہد کے نام سے ہوئی جبکہ لاپتہ ہونے والے دوسرے لڑکے کی شناخت 13 سالہ شاہ زیب کے نام سے ہوئی ہے اور تلاش اندھیرا ہونے کی وجہ سے روک دی گئی ہے جو آج (ہفتے کو) صبح دوبارہ شروع کردی جائے گی۔


ای آر سی انچارج نے بتایاکہ سمندر اس وقت بہت بپھرا ہوا ہے اور لہریں کئی کئی فٹ بلند ہورہی ہیں جبکہ پکنک منانے کے لیے آنے والوں کو بارہا منع کیا جاتا ہے کہ وہ سمندر میں نہانے سے گریز کریں لیکن شہری اپنی من مانی کرتے ہیں جو بعدازاں اس طرح کی افسوسناک صورتحال کا سبب بن جاتی ہے۔

ناکافی وسائل کے باوجود ایمرجنسی رسپارنس سینٹر ہاکس بے پکنک منانے کے لیے آنے والے شہریوں کی زندگی کے تحفظ کے لیے اپنی بھرپور کوششوں میں مصروف ہے۔ ای آر سی ہاکس بے میں 4 بوٹس میں سے2 قابل استعمال ہیں اور ان کی مدد سے سمندر میں معمول کے مطابق گشت یقینی بنایا جاتاہے۔

 
Load Next Story