ٹریڈ آرگنائزیشن ایک کی خلاف ورزی پاک ایران جوائنٹ چیمبر سمیت 30 اداروں کے لائسنس منسوخ

16مختلف ایسوسی ایشنز،6چیمبرزآف کامرس،5ویمن چیمبرز،2چھوٹی آرگنائزیشنزشامل


Waqai Nigar Khusoosi July 14, 2018
ڈی جی ٹی او نے شق 7کی خلاف ورزی پر منسوخ کیے۔ فوٹو: سوشل میڈیا

ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ٹریڈ آرگنائزیشنز نے ٹریڈ آرگنائزیشن ایکٹ 2013کی خلاف ورزی کرنے پاک ایران جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سمیت 30 مختلف اداروں چیمبرزکے لائسنس منسوخ کردیے ہیں۔

ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ٹریڈ آرگنائزیشنز نے ٹریڈ آرگنائزیشن ایکٹ 2013 کی شق 7کی خلاف ورزی کرنے پر 16 مختلف ایسوسی ایشنوں، 6 چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز اور پاک ایران جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا لائسنس منسوخ کردیا ہے۔ ڈی جی ٹی او نے5 ویمن چیمبر ز اور2 چھوٹی ایسوسی ایشنوں کے لائسنس بھی منسوخ کردیے ہیں۔

سرکاری دستاویز کے مطابق ڈائریکٹر جنرل ٹریڈ آرگنائزیشنز نے اسکریپ امپورٹرز ایسوسی ایشن، آل پاکستان لینڈ روٹ کسٹم ایجنٹ ایسوسی ایشن، پلاسٹک سکریپ ایسوسی ایشن آف پاکستان، آل پاکستان کاپر امپورٹر ایکسپورٹر ایسوسی ایشن، آل پاکستان جم مرچنٹس اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن، گیس ہیٹرز امپورٹر ایسوسی ایشن آف پاکستان، پاکستان ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن ، گھی ایکسپورٹر ایسوسی ایشن آف پاکستان اور آل پاکستان گلاس مینوفیکچرزز امپورٹر ایکسپورٹر ایسوسی ایشن شامل ہیں۔ ٹریڈآرگنائزیشن ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے پر آل پاکستان الوئے رم مینوفیکچررز ایسوسی ایشن، آل پاکستان کاربن سولونٹ امپورٹرز ایسوسی ایشن سبمرسیبل پمپ امپورٹرایسوسی ایشن آف پاکستان، آل پاکستان آئل ملز ایسوسی ایشن، آل پاکستان سگریٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن، آل پاکستان ٹریکٹرز ڈیلرز ایسوسی ایشن اور پاکستان کمپیوٹرایسوسی ایشن کے لائسنس منسوخ کردیے گئے ہیں۔

ڈائریکٹرجنرل ٹریڈ آرگنائزیشن نے موسی خیل، قلعہ سیف اللہ چارسدہ، چاغی، نگر اور شہید بینظیر آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے لائسنس منسوخ کردیے ہیں۔ سرکاری دستاویز کے مطابق تجارتی قوانین کی خلاف وزری کرنے پر نوشہرہ چارسدہ، راولپنڈی سوات اور اٹک ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور ایسوسی ایشن آف اسمال حج آرگنائزرز آف پاکستان اور ایسوسی ایشن آف اسمال ٹور اینڈ ٹریول ایجنٹس آف پاکستان کے لائسنس بھی منسوخ کردیے گئے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں