فٹبال ورلڈ کپ میں 62 میچز میں 161 گول بن گئے

بیلجیئم نے سب سے زیادہ 14 بار گیند کو جال کی راہ دکھائی، ریکارڈ میں مزید بہتری متوقع


Sports Desk July 14, 2018
میکسیکو کے گولیرمو اوچوا کامیاب ترین گول کیپر رہے، 25 خطرناک حملوں کو ناکام بنایا۔ فوٹو: سوشل میڈیا

روس میں جاری فٹبال ورلڈ کپ میں اب تک ونے والے 62 میچوں میں 161 گول اسکور ہو چکے ہیں جس میں فی میچ گول اوسط 2.6 رہا۔

سب سے زیادہ گول اسکور کرنے کا اعزاز بیلجیئم کو حاصل ہے جس نے ایونٹ میں 14 گول اسکور کیے اور ان کا تیسری پوزیشن کا میچ ابھی باقی ہے،لہٰذا اس میں بہتری متوقع ہے، اسی طرح کسی ایک مقابلے میں بھی سب سے زیادہ 7 گول بیلجیئم اور تیونس کے میچ میں ہوئے، اس میں بیلجیئم نے 2-5 سے کامیابی سمیٹی، ارجنٹائن اور فرانس کے درمیان میچ میں بھی اتنے ہی گول اسکور ہوئے۔

فرانس نے گزشتہ ورلڈ کپ کی رنر اپ کو4-3 سے ٹھکانے لگایا، کسی ایک میچ میں سب سے زیادہ گول کی کوششیں بھی بیلجئم اور تیونس کے درمیان میچ میں کی گئیں جس میں 31مرتبہ گول کو ہدف بنایا گیا جبکہ سب سے زیادہ 8 کارڈ بیلجیئم اور پاناما کے میچ میں دکھائے گئے۔

روس کی ٹیم نے ایونٹ کا آغاز سب سے کمتر رینکنگ کی حامل ٹیم کے طور پر کیا تھا جہاں اس کی عالمی رینکنگ 70 تھی لیکن میزبان ٹیم نے پورے ایونٹ میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے کوارٹر فائنل مرحلے میں جگہ بنائی، فائنل میں جگہ بنانے والی کروشیا کی ٹیم کا دفاع تمام ٹیموں سے بہتر رہا اور اس نے 272 مرتبہ گیند کو کلیئر اور ٹیکل کرنے کے ساتھ ساتھ گول ہونے سے بھی بچایا۔

میگا ایونٹ کے دوران 209 کھلاڑیوں کو پیلے اور 4 کو ریڈ کارڈز دکھاکر میدان بدر کیاگیا، میگا ایونٹ میں اب تک کامیاب ترین گول کیپر میکسیکو کے گول کیپر گولیرمو اوچوا رہے، انھوں نے 25 خطرناک حملوں کو ناکام بناکر یہ اعزاز پایا، کولمبیا کے کارلوس سانچز نے 6 فاؤل کیے اور وہ نظم وضبط کی خلاف ورزی کے حوالے سے سب سے بدترین کھلاڑی ثابت ہوئے کیونکہ انھیں ایک ریڈ کارڈ بھی دکھایا گیا۔

ناکامی سے قطع نظر برازیلین ٹیم سب سے زیادہ اٹیک کرنے والی الیون ثابت ہوئی اور برازیل نے سب سے زیادہ 292 اٹیک حریف گول پوسٹ پر کیے، اسی طرح برازیل کے اسٹار نیمار جونیئر نے 27 بارحریف ٹیم کے گول میں داخل ہونے کی کوشش کی اور 13 بار گول کو نشانہ بنایا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں