فٹبال ورلڈ کپ میں نائیجیرین شائقین کو ’ ٹھگ ‘ لیا گیا

غیرملکی شائقین کا آئی ڈی سسٹم روسی وزارت کمیونیکیشن نے کیا ، فیفا ترجمان


Sports Desk July 14, 2018
مقامی ایجنٹ نے فینز آئی ڈی کی بنیاد پر انھیں روس میں سکونت کا جھانسہ دے دیا۔ فوٹو: سوشل میڈیا

روس میں جاری فٹبال ورلڈ کپ میچز دیکھنے آنے والے نائیجیرین شائقین کو ' ٹھگ ' لیاگیا۔

مقامی انتظامیہ نے افریقی مداحوں کو گرفتار کیا جس پر یہ انکشاف ہوا کہ جعلی ایجنٹس نے انھیں کام کا جھانسہ دیکر بڑی رقم اینٹھ لی، ان افراد کا کہنا ہے کہ وہ فٹبال میچز دیکھنے کے لیے روس آئے تھے جبکہ نائیجیریا سے ہی تعلق رکھنے والے کچھ افراد نے بتایا کہ ایجنٹ انھیں کام تلاش کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے یا پیشہ ورانہ فٹبال بھی کھیلنے کے لیے روس لائے ہیں، کچھ افراد کا کہنا تھا کہ وہ ورلڈ کپ کے میچز دیکھنے کیلیے آئے تھے لیکن ان کی واپسی کے ٹکٹوں کو بوگس ایجنٹوں نے منسوخ کردیا اور اب وہ یہاں پھنس گئے۔

اسماعیل اور ان کے بھائی ساجد کا کہنا تھا کہ انھوں نے یہاں آنے کیلیے 700 یورو خرچ کیے ہیں، اسماعیل کاکہنا تھا کہ فین آئی ڈی کے ذریعے ہم یہاں رہائش اور نوکری حاصل کرسکتے ہیں لیکن یہاں پہنچنے کے بعد ہمیں پتہ چلا کہ یہ تو ایک فراڈ تھا اور ہمارے ساتھ جھوٹ بولا گیا، روسی حکومت کی جانب سے غیر ملکیوں کو ورلڈ کپ کے دوران بغیر ویزا کے پلاسٹک کوٹڈ پاسزجاری کیے گئے ہیں لیکن یہ جولائی کے اختتام سے پہلے ختم ہوجائیں گے۔

حکام نے نائیجیریا سے آنے والے ان مداحوں کو چھوڑ دیا جنھوں نے ورلڈ کپ کے میچز دیکھنے کے لیے ٹکٹ خریدے تھے۔ تاہم ابھی تک یہ معمہ نہیں سلجھ پایا ہے کہ دھوکے باز ایجنٹس کو فینز آئی ڈی کس طرح ملیں، جسے انھوں نے نائیجیرین عوام کو ملازمت اور روس میں کھیلنے کا جھانسہ دینے کیلیے استعمال کیا۔

دوسری جانب فیفا ترجمان کا کہنا ہے کہ فینز آئی ڈی سسٹم کا نفاذ روسی کمیونیکیشن منسٹری نے کیا تھا، فیفا غیرمجاز ٹکٹوں کی فروخت اور ان کی شناخت کرنے کیلیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گا، ایجنٹس سے دھوکے کھانے والے دونوں بھائیوں کا مزید کہنا تھا کہ انھوں نے نائیجیریا سے روس تک پہنچنے کیلیے ہزاروں ڈالرز ادا کیے۔

اسماعیل نے بتایا کہ نائیجیریا میں وہ فٹبال کھیتے ہیں، انھوں نے مجھے بتایا تھا کہ میں روس میں رہتے ہوئے فٹبال کیریئر بھی بناسکتا ہوں، تاہم کچھ مقامی مسلمانوں نے 22 جولائی تک ان کی واپسی کی فلائٹ تک انھیں اپنے ساتھ قیام کی اجازت دے دی ہے، ان کے علاوہ دیگر نائیجیرین بھی دھوکے باز ایجنٹس کا شکار بنے ہیں، جن کی واپسی کی ٹکٹیں منسوخ ہوگئی ہیں اور وہ بھی روس میں پھنس کر رہ گئے ہیں، درجنوں نائیجیرین کچھ دنوں سے ماسکو ایئرپورٹ پر ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ انھوں نے ایجنٹس کو پیکج میں ایک ملین نائرا ( مقامی کرنسی ) دی تھی، جس میں سفری کرایہ، میچ ٹکٹس اور فین آئی ڈی شامل تھے، روسی چیریٹی آلٹر نیٹیو کا کہناہے کہ وہ اب تک 50 نائیجیرین افراد کی مدد کرچکے ہیں جبکہ مجموعی طور پر دھوکے کھانے والے ان افریقی افراد کی تعداد 200 ہوسکتی ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں