نواز شریف کو لندن سے بلا کر پیٹھ میں چھرا گھونپا گیا اعتزاز احسن

شہباز شریف اور لیگی قیادت نے نواز شریف کو دھوکا دیا، رہنما پی پی پی


ویب ڈیسک July 14, 2018
شہباز شریف اور لیگی قیادت نے نواز شریف کو دھوکا دیا، رہنما پی پی پی فوٹو:فائل

پیپلز پارٹی کے رہنما اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ شہباز شریف اور لیگی قیادت نے نواز شریف کو دھوکا دیا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے نواز شریف اور مریم کی واپسی پر ناکام شو کو اپنوں کی سازش قرار دے دیا۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ شہباز شریف اور لیگی قیادت نے نواز شریف، مریم نواز کو دھوکہ دے دیا، کل کے واقعات حیرت انگیز تھے جن کی توقع نہیں تھی، کس طرح سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، شہباز شریف، سعد رفیق ایئر پورٹ پر پہنچ ہی نہ سکے، خواجہ آصف، ایاز صادق، رانا ثناء اللہ، خرم دستگیر نے بھی نواز شریف کو تنہا چھوڑا، سب لیڈر پنجاب پولیس کی معمولی رکاوٹ کے باعث ایئر پورٹ تک پہنچے ہی نہیں، جب نواز شریف کو اسلام آباد روانہ کیا گیا تو یہ سب لوگ پانچ میل دور تھے۔

اعتزاز احسن نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ایسے سیکڑوں احتجاج، مظاہرے کیے، لیکن پارٹی قیادت ہر موقع پر سب سے پہلے پہنچتی رہی ہے، شہباز شریف کو چاہیئے تھا ایئر پورٹ ناکے تک ضرور پہنچتے اور نواز شریف سے ہاتھ ملاتے، ان لیڈروں کو اندر جانے سے کوئی نہ روکتا، نواز شریف اور مریم کے خلاف سوچی سمجھی سازش ہوئی ہے، لیگی لیڈروں نے سازش کے تحت خود کو غائب رکھا، لاہور میں 18 ایم این اے اور 38 امیدوار ہیں جن میں سے ایک بھی نہ پہنچا، صرف مشاہد اللہ خان پہنچا ہے۔

پی پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ خواجہ سعد رفیق لوہے کے چنے چبانے والا بھی غائب رہا اور نظر ہی نہیں آیا، انہوں نے نواز شریف کو بلا کر پھنسا دیا ہے، فلائٹ سوا دو گھنٹے لیٹ ہوئی ہے اس کا فائدہ اٹھا کر ہی شہباز شریف اور شاہد خاقان عباسی و دیگر لیڈر پہنچ جاتے، یہ تو لگتا ہے کہ نواز شریف کو تسلیاں دے کر لندن سے بلا کر پیٹھ میں چھرا گھونپا گیا ہے، نواز شریف کے ساتھ وہ ہوا جو جنگ پلاسی میں سراج الدولہ کے ساتھ میر جعفر نے کیا، اتنا دھوکہ اپنی سیاسی تاریخ میں کبھی نہیں دیکھا جو نواز شریف اور مریم کے ساتھ ہوا، جیل جانے سے نواز شریف کا سیاسی کردار کم ہوگا، اگر مریم کی ضمانت ہوجائے تو بھی وہ والد کے بغیر کچھ نہیں کر سکتی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں