امیدواروں اور جلسوں کی سیکیورٹی سخت کی جائے نگراں وزیراعظم

ناصرالملک نے سی ایم ایچ میں سانحہ مستونگ کے زخمیوں کی عیادت کی


ویب ڈیسک July 15, 2018
ناصرالملک نے سی ایم ایچ میں سانحہ مستونگ کے زخمیوں کی عیادت کی . فوٹو : پی آئی ڈی

نگراں وزیراعظم جسٹس (ر) ناصرالملک نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ انتخابی امیدواروں اور سیاسی ریلیوں اور کارنر میٹنگز میں شرکت کرنے والے لوگوں کے لیے تمام سیکیورٹی اقدامات اور ہر ممکن حفاظتی انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔

وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک کی زیرصدارت گورنر ہاؤس کوئٹہ میں امن وامان کی صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی، نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری، وزیر داخلہ بلوچستان آغاز عمر بنگلزئی، سیکریٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ، چیف سیکریٹری بلوچستان ڈاکٹر اختر نذیر، سیکریٹری داخلہ بلوچستان حیدرعلی کھوکھر، آئی جی ایف سی بلوچستان نارتھ میجر جنرل ندیم انجم، آئی جی ایف سی بلوچستان ساؤتھ میجر جنرل سردار طارق امان، انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان محسن حسن بٹ اور دیگر سینئر سول و فوجی حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران صوبے میں امن وامان کی صورت حال کا عمومی اور سانحہ مستونگ کے تناظر میں خصوصی جائزہ لیا گیا۔ چیف سیکریٹری بلوچستان نے مستونگ دھماکے کے بارے میں اجلاس کے شرکا کو بریفنگ دی۔ وزیراعظم ناصر الملک نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے ہدایت کی کہ انتخابی امیدواروں اور سیاسی ریلیوں اور کارنر میٹنگز میں شرکت کرنے والے لوگوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے تمام سیکیورٹی اقدامات اور ہر ممکن حفاظتی انتظامات کیے جائیں۔ وزیراعظم نے سلامتی سے متعلق انتظامات کے بارے میں سیاسی قیادت سے مشاورت اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی روک تھام کے لیے ان کا تعاون حاصل کرنے پر بھی زور دیا۔

وزیر اعظم نے کہاکہ تمام اسٹیک ہولڈرز ملک میں امن کے قیام کیلیے کردار ادا کریں، عوامی شعور اجاگر کرنے کے لیے فوری مہم بھی شروع کرنی چاہیے تاکہ عام لوگوں کو سیکیورٹی سے متعلق معیاری طریقہ ہائے کار (ایس او پیز) کے بارے میں معلومات مل سکیں۔ قبل ازیں وزیراعظم نے ساراوان ہاؤس کوئٹہ کا دورہ کیا اور شہید سراج رئیسانی کے غمزدہ خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا جو13جولائی کو مستونگ میں دہشت گردی کے حملے میں شہید ہوگئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: مستونگ خود کش حملے میں سراج رئیسانی سمیت 128 افراد شہید، 150 زخمی

وزیراعظم نے سی ایم ایچ کوئٹہ کا بھی دورہ کیا اور سانحے میں زخمی ہونے والے لوگوں کی عیادت کی اور دعائے صحت کی۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری اور وفاقی وزیر روشن خورشید بروچہ بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔

نگراں وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک سے گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی اور نگراں وزیراعلیٰ علاؤ الدین مری نے اتوار کو گورنر ہاؤس میں ملاقات کی، ملاقات میں صوبے میں امن وامان کی صورت حال سمیت دیگر امور پر غور کیاگیا۔علاوہ ازیں مستونگ، پشاور اور بنوں دھماکوں پر ملک بھر میں سرکاری سطح پر یوم سوگ منایا گیا، گزشتہ روز وفاقی دارالحکومت سمیت تمام شہروں میں سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہا، سیاسی و انتخابی سرگرمیاں بھی معطل رہیں۔ بیشتر سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کے انتخابی دفاتر دوسرے روز بھی بند رہے۔ آزاد کشمیر میں بھی یوم سوگ منایا گیا۔

دوسری جانب سانحہ مستونگ کے مزید18زخمی دم توڑ گئے اس طر ح شہید ہونے والوں کی مجموعی تعداد149ہوگئی، ایک ٹی وی کے مطابق ڈپٹی کمشنر مستونگ نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ شہدا اور زخمیوں کا ڈیٹا مکمل کرلیا گیا ہے، 149افراد شہید اور 186زخمی ہوئے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ شہدا کے لواحقین معاوضے کے لیے ضلعی انتظامیہ سے رابطہ کریں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |