پیپلز پارٹی اور چند جماعتوں کو الیکشن سے روکا جارہا ہے بلاول بھٹو زرداری

مسلم لیگ (ن) کے عام سیاسی رہنماؤں اور کارکنان کی گرفتاریاں سمجھ سے بالاتر ہیں، چیرمین پی پی پی


ویب ڈیسک July 15, 2018
متنازع الیکشن کا نتیجہ متنازع پارلیمنٹ کی صورت میں نکلے گا جو ملک کے مفاد میں نہیں، چیرمین پی پی پی فوٹو:فائل

چیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور چند دیگر سیاسی جماعتوں کو یکساں مواقع نہیں دیے جارہے اور الیکشن میں حصہ لینے سے روکا جارہا ہے۔

مالاکنڈ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پی پی پی کو دیوار سے نہ لگایا جائے، سب کو الیکشن لڑنے کے یکساں مواقع ملنا ضروری ہیں، ملک بھر سے شکایات مل رہی ہیں کہ پیپلز پارٹی اور چند دیگر سیاسی جماعتوں کو یکساں مواقع نہیں دیے جارہے اور الیکشن میں حصہ لینے سے روکا جارہا ہے جب کہ مخصوص جماعتوں کو فائدہ پہنچایا جارہا ہے، الیکشن کمیشن آف پاکستان اور نگراں حکومت مسئلے کو سنجیدگی سے لے، ہم سینیٹ میں اس مسئلے کو اٹھائیں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شفاف الیکشن ہمارا حق ہے جس کے بغیر بننے والی پارلیمنٹ متنازع اور کمزور ہوگی، 2013 میں جو تجربات کیے گئے اس سے معاشرے کو نقصان پہنچا، مختلف علاقوں میں انتظامیہ کی جانب سے پی پی پی کے امیدواروں اور کارکنوں کو تنگ کیا جارہا ہے اور نشانہ بنایا جارہا ہے جو ناقابل قبول ہے، الیکشن کے لیے سازگار ماحول نہیں مل رہا، اچ شریف اور ملتان میں ہمارے جلسے منسوخ کیے گئے، ہم کب تک یہ برداشت کریں گے، یہ سب ناقابل قبول ہے، پی پی پی کو دیوار سے نہ لگایا جائے۔

ایک سوال کے جواب میں بلاول بھٹو نے کہا کہ اداروں میں ٹکراؤ نہیں ہونا چاہیے، سب کو اپنی حدود میں رہنا چاہیے، عوام کے سارے مسائل پارلیمنٹ میں حل ہونے چاہئیں، نواز شریف کی گرفتاری قانون کے دائرے میں ہوئی، لیکن ان کے عام سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاریاں سمجھ سے بالاتر ہیں، متنازع الیکشن کا نتیجہ متنازع پارلیمنٹ کی صورت میں نکلے گا جو ملک کے مفاد میں نہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں