ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف برطانیہ میں مظاہرے

ایڈن برگ میں ٹرمپ کے خلاف مظاہرہ کرنے والوں کی تعداد دس ہزار کے لگ بھگ بتائی گئی ہے۔


Editorial July 16, 2018
ایڈن برگ میں ٹرمپ کے خلاف مظاہرہ کرنے والوں کی تعداد دس ہزار کے لگ بھگ بتائی گئی ہے۔ فوٹو: گیٹی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ دورہ انگلستان پر پہنچے ہیں۔لندن میں ان کے خلاف ہزاروں افراد نے مظاہرہ کیا،یہ مظاہرہ پرامن تھا، گزشتہ روز وہ اسکاٹ لینڈ کے دارالحکومت ایڈن برگ کے ساحل سمندر پر ایک گالف کورس پر گالف کھیلنے کی نیت سے پہنچے تو وہاں بھی ہزاروں افراد ان کے خلاف احتجاجی مظاہرے کے لیے موجود تھے،یہ احتجاجی مظاہرہ خاصی حد تک پرامن تھا۔

بعض منچلوں نے ٹرمپ کی شکل والے ربڑ کے پتلے اٹھائے ہوئے تھے جن میں سے ایک پتلے نے پیمپر پہنا ہوا تھا جب کہ دوسرا پتلا ابتدائی اسکول کے ننھے طالب علم کے بھیس میں تھا۔ مظاہرین کی تعداد ہزاروں میں تھی ، ٹرمپ اور ان کی اہلیہ میلانیا اختتام ہفتہ کی چھٹی عوام سے دور کسی جگہ منانا چاہتے تھے لیکن اسکاٹ لینڈ کے عوام نے ان کا دورہ بدمزہ کردیا۔اب وہ فن لینڈ پہنچ چکے ہیں جہاں ان کی ہیلسنکی میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات ہونی ہے۔

ایڈن برگ میں ٹرمپ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرنے والے ٹرمپ پر ''نسلی تعصب کرنے والے'' اور ''دروغ گو'' کے نعرے بلند کر رہے تھے۔ گالف کلب میں گھڑ سوار پولیس والے مظاہرین کو ٹرمپ سے دور رکھنے کی کوشش کر رہے تھے۔ بعض مظاہرین نے ماحولیاتی آلودگی دور کرنے کا بینر بھی اٹھا رکھا تھا کیونکہ امریکا کو دنیا میں سب سے زیادہ فضائی آلودگی پھیلانے والا ملک قرار دیا جاتا ہے جس نے پیرس معاہدے سے باہر نکل کر آلودگی پھیلانے کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔

ایڈن برگ میں ٹرمپ کے خلاف مظاہرہ کرنے والوں کی تعداد دس ہزار کے لگ بھگ بتائی گئی ہے۔ان مظاہروں سے بخوبی اندازہ ہوتا ہے کہ صدر ٹرمپ امریکا ہی نہیں بلکہ برطانیہ میں بھی خاصے غیرمقبول ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں