ٹیسٹ رینکنگ بنگلہ دیشی ترقی چاردن کی چاندنی رہی

ویسٹ انڈیز سے شکست پر ٹائیگرزکی پھر 9ویں پوزیشن، یاسرشاہ کی بغیر کھیلے ترقی

ویسٹ انڈیز سے شکست پر ٹائیگرزکی پھر 9ویں پوزیشن، یاسرشاہ کی بغیر کھیلے ترقی۔ فوٹو: سوشل میڈیا

بنگلہ دیش کی ٹیسٹ ترقی چار دن کی چاندنی ثابت ہوئی، ویسٹ انڈیز سے وائٹ واش کے بعد ٹیم دوبارہ نویں نمبر پر چلی گئی۔

بنگلہ دیش نے کچھ عرصہ قبل اپنے ہوم گراؤنڈز اور سری لنکا کی اوے سیریز کے دوران ٹیسٹ کامیابیاں حاصل کرکے رینکنگ میں ویسٹ انڈیز سے آٹھویں پوزیشن چھینی تھی تاہم اب دو میچز کی سیریز میں وائٹ واش کے بعد بنگلہ دیشی ٹیم نہ صرف نویں نمبر پر پہنچ گئی ہے بلکہ اس کے اور فاتح کیریبیئن ٹیم کے دوران پورے 10 پوائنٹس کا فرق بھی حائل ہوگیا ہے۔

زمبابوین ٹیم بدستور صرف دو پوائنٹس کے ساتھ آخری نمبر پر موجود ہے۔ 88 پوائنٹس کی حامل پاکستان ٹیم بھی بدستور ساتویں نمبر پر ہے جبکہ ٹاپ پوزیشن بھارت کے پاس ہے۔


ادھر جمیکا اور گال میں کھیلے جانے والے لو اسکورنگ میچز کی وجہ سے بولرز کو کافی فائدہ ملا جبکہ بیٹسمینوں میں سری لنکا کے ڈیموتھ کرونا رتنے نمایاں ترقی پانے میں کامیاب رہے، انھوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف پہلی اننگز میں 158 رنز بنائے اور دوسری باری میں 60 نز اسکور کیے جس سے ان کا مجموعی اسکور 218 ہوا، اس طرح وہ ایک ساتھ 21 درجے ترقی پاکر ٹاپ ٹین میں شامل ہوگئے۔

ایڈین مارکرم نے ایک درجہ ترقی پاکر ڈین ایلجر کی ساتویں پوزیشن پر قبضہ جمالیا ہے، پاکستان کے اظہر علی بدستور 15 ویں نمبر پر موجود ہیں۔ بولرز میں بھی ٹاپ 7 پوزیشنز میں کوئی فرق نہیں آیا تاہم رنگانا ہیراتھ نے آٹھویں نمبر پر نیل ویگنر کو جوائن کرلیا ہے۔ اسی میچ میں جنوبی افریقی بیٹنگ لائن کو تباہ کرنے والے دلروان پریرا سات درجے ترقی پاکر اب 25 ویں نمبر پر پہنچ چکے ہیں۔

بولنگ ٹیبل پر سب سے بڑی جست ویسٹ انڈین کپتان جیسن ہولڈر نے لگائی ہے جوکہ اب 13 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ اس کے ساتھ 33 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز نے آل راؤنڈرز میں بھی انھیں ایک درجے کی ترقی دلاتے ہوئے پانچویں نمبر پر پہنچادیا ہے۔ بولرز میں ایک درجہ ترقی پاکر یاسر شاہ اب 18 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

 
Load Next Story