پنجاب کا رکن الیکشن کمیشن کے تمام فیصلے کررہا ہے راجا پرویزاشرف

کیا بینظیر بھٹو کے بیٹے اور ذوالفقارعلی بھٹو کے نواسے کا اتناحق بھی نہیں کہ وہ اپنا ووٹ کاسٹ کر سکیں، سابق وزیر اعظم

پیپلز پارٹی نے اپنے دور حکومت میں ریکارڈ ترقیاتی کام کئے ہیں، راجاپرویز اشرف. فوٹو: فائل

سابق وزیر اعظم راجا پرویز اشرف کہتے ہیں کہ وہ اور ان کی جماعت الیکشن کمیشن کا احترام کرتی ہے لیکن اس کے تمام فیصلے مشاورت کے بجائے پنجاب کا ایک رکن کررہا ہے۔


اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران سابق وزیر اعظم نے کہا کہ پیپلز پارٹی جمہوریت پر یقین رکھنے والی جماعت ہے یہی وجہ ہے کہ ہمیشہ انتخابات کے ذریعے ہی حکومت میں آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اپنی انتخابی مہم چلارہی ہے لیکن دہشت گردی کے باعث بڑے جلسے نہیں کررہے۔ پیپلز پارٹی نے اپنے دور حکومت میں ریکارڈ ترقیاتی کام کئے ہیں ، 2008 میں ملک میں گندم کی قلت تھی لیکن جمہوری حکموت کے اقدامات سے ملک نہ صرف گندم میں خود کفیل ہوگیا بلکہ اس کی برآمد بھی شروع کی۔ ملک میں آئین کو بحال کیا اور اس بنیاد پر ہمیں امید ہے کہ انتخابات پاکستان پیپلز پارٹی ہی جیتے گی۔

راجا پرویز اشرف نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین ہیں، انہیں سیکیورٹی خطرات لاحق ہیں، وہ رجسٹرڈ ووٹر ہیں لیکن بے نظیر بھٹو کے صاحبزادے اور ذوالفقار علی بھٹو کے نواسے کا اتنا حق بھی نہیں کہ وہ اپنا ووٹ کاسٹ کر سکیں، انہوں نے کہا کہ وہ الیکشن کمیشن کا احترام کرتے ہیں لیکن الیکشن کمیشن میں تمام فیصلے صرف پنجاب سےتعلق رکھنے والا رکن کررہا ہے۔
Load Next Story