سیاسی پارٹیاں معاشی ایجنڈے کو منشور کا حصہ بنائیں فیڈریشن

ہڑتالوں سے تجارتی وکاورباری سرگرمیوں کو متاثر نہ کیا جائے، پاور کمپنیوں کے واجبات دیے جائیں


Business Reporter May 09, 2013
این اے 250 کے امیدواروں کی فیڈریشن ہاؤس آمد پر محمدعلی، ایس ایم منیر ودیگر کا خطاب۔ فوٹو: فائل

وفاق ایوانہائے صنعت وتجارت پاکستان نے کہا ہے کہ ملک کی تمام سیاسی جماعتیں اپنے منشور میں معاشی ایجنڈے کو سب سے زیادہ اہمیت دیتے ہوئے معاشی ترقی کے لیے راہ ہموارکریں۔

ملک میں بجلی، گیس بحران کوختم کرنے کے لیے بجلی پیدا کرنے والے اداروں کے واجبات ادا کیے جائیں، ملک میں ہنگامہ آرائی، ہڑتالوں کے باعث تجارتی وکاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوتی ہیں لہٰذا تجارتی وکاورباری سرگرمیوں کو جاری رکھنے کے لیے ایک نکاتی ایجنڈے کے تحت صنعتی وکاروباری علاقوں کو ہڑتالوں سے متاثر نہیں ہونا چاہیے۔

یہ بات ایف پی سی سی آئی کے قائم مقام صدر محمد علی، سابق صدر ایس ایم منیر، نائب صدر گلزارفیروز ، شاہین الیاس سروانہ نے کراچی کی قومی اسمبلی کی نشست این اے250 کے امیدواروں سابق ناظم کراچی نعمت اللہ خان، متحدہ قومی موومنٹ کے امیدوار برائے قومی اسمبلی خوش بخت شجاعت، پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار ڈاکٹرعارف علوی اور پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار راشد ربانی کے ایف پی سی سی آئی دورے کے موقع پرکہی۔

اس موقع پر رخسانہ جہانگیر، بیگم سلمیٰ احمد،شکیل احمد ڈھینگرا، وحید شاہ،زکریاعثمان،ابراہیم پان والا،شیخ منظرعالم،زاہد انوار اور دیگر بھی موجودتھے۔ قائم مقام صدر ایف پی سی سی آئی محمد علی نے کہا کہ گزشتہ 5 سال میں جمہوریت نظر نہیں آئی اور ملکی تجارتی وکاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر رہیں جبکہ پنجاب میں بجلی کے بحران نے صنعتیں، فیکٹریاں اورکارخانوں کی بندش میں اہم کرداراداکیا ہے، بجلی کی لوڈشیڈنگ میں مزید اضافہ ہوچکا ہے۔



تاجر رہنما ایس ایم منیر نے ملکی سیاسی صورتحال سمیت ودیگرامور پربات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تاجروصنعتکاراپنا حق رائے دہی استعمال کریں اور ملک کی تعمیر وترقی کیلیے اچھے، دیانتدار اور ایماندار افراد کومنتخب کریں، انتخابات کے علاوہ ملکی ترقی کا دوسرا کوئی راستہ نہیں ہے۔ اس موقع پر نائب صدر ایف پی سی سی آئی گلزارفیروز نے ملک کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا اور امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ انتخابات کے بعد ملک کے معاشی حالات میں بہتری رونما ہوگی، تمام سیاسی جماعتیں آئندہ انتخابات کے بعد امن وامان کے قیام سمیت معیشت کی بہتری کے لیے اقدامات کو ہنگامی طور پربروئے کارلائیں۔ نائب صدر شاہین الیاس سروانہ نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو ملک کی موجودہ صورتحال کو مدنظررکھتے ہوئے سرمایہ کاری اور صنعتکاری ماحول کو فروغ دینا ہوگا، غریب عوام کوروزگار اور بڑھتی ہوئی مہنگائی سے نجات دلائی جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں