چیمپئنز کی آمد شائقین کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر استقبال کیلیے اُمڈ آیا

فائر بریگیڈ نے طیارے سے باہر آنے سے پہلے ہی ’واٹر سیلوٹ‘ پیش کیا، کپتان اور کوچ ٹرافی کے ہمراہ پہلے جہاز سے باہر آئے


AFP July 17, 2018
ریڈ کارپٹ بچھایا گیا، کھلی چھت والی بس پر وکٹری پریڈ میں شرکت، ملک کے سب سے بڑے اعزاز سے نوازا جائے گا

چیمپئنز وطن پہنچ گئے، فرانس آمد پر شائقین کے ٹھاٹھیں مارتے سمندر نے ہیروز کا استقبال کیا، فائر بریگیڈ نے طیارے سے باہر آنے سے پہلے ہی 'واٹر سیلوٹ' پیش کیا۔

کپتان ہوگو لوریس اور کوچ ڈیڈائیر دیش چیمپس ٹرافی کے ہمراہ سب سے پہلے جہاز سے باہر آئے، چیمپئنز کیلیے خاص طور پر ریڈ کارپٹ بچھایا گیا،انھوں نے کھلی چھت والی بس پر وکٹری پریڈ میں حصہ لیا، حکومت نے ٹیم کو ملک کے سب سے بڑے اعزاز سے نوازنے کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق فرانس کی ورلڈ کپ فاتح ٹیم گولڈن ٹرافی کے ہمراہ وطن واپس پہنچ گئی جہاں پر ہزاروں کی تعداد میں شائقین نے استقبال کیا، اس مقصد کیلیے شہر کے اہم مقام چیمپس ایلیسز پر وکٹری پریڈ کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ ماسکو میں اتوار کو کھیلے گئے فائنل میں فرانس نے کروشیا کو 4-2 سے شکست دی تھی، فائنل کی آخری وسل کے ساتھ ہی فرانس بھر میں خوشیاں منانے کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا۔

ساری رات شائقین نے ناچتے گاتے گزاری اور پھر صبح سے ہی چیمپس ایلیسز پر پہنچنا شروع ہوگئے تھے۔ چیمپئنز کا چارلس ڈی گاؤل ایئرپورٹ پر ہیروز جیسا استقبال کیا گیا، فائر بریگیڈ کی جانب سے خاص طور پر فاتح کھلاڑیوں کو 'واٹر سیلوٹ' پیش کیا گیا، ایک فائربریگیڈ گاڑی سے ایئر فرانس جیٹ کے اوپر سے پانی کی قوس بنائی گئی۔ سب سے پہلے جہاز سے کپتان ہوگو لوریس اور کوچ ڈیڈائیر دیش چیمپس باہر آئے اور سیڑھیاں اترنے سے قبل انھوں نے گولڈن ٹرافی ٹرافی کو فضا میں بلند کیا، ان کے لیے خاص طور پر سیڑھیوں کے آگے ریڈ کارپٹ بچھایا گیا تھا۔

ایئرپورٹ سے کھلاڑیوں کو پریڈ کیلیے لے جایا گیا جس کیلیے کھلی چھت والی بس کا استعمال کیا گیا تھا، اپنے ہیروز کی ایک جھلک دیکھنے کیلیے شائقین کا جوش وخروش دیدنی تھا۔ تقریب کے بعد ملکی صدر ایمانوئیل ماکرون کی جانب سے ٹیم کیلیے خصوصی استقبالیہ کا اہتمام بھی کیا گیا۔ اس سے قبل حکومت نے کھلاڑیوں کو 'لیگون آف آنر' ایوارڈ بھی دینے کا اعلان کیا جو ملک کا سب سے بڑا ایوارڈ اور غیرمعمولی خدمات پر دیا جاتا ہے، وزیراعظم کے آفس سے یہ ایوارڈ پلیئرز کو دینے کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔