سازشیوں کو سندھی ٹوپی والا صدر اچھا نہیں لگتا شرجیل میمن

بھٹو اور بینظیر کی شہادت کے موقع پر بھی کچھ قوتوں نے کہا تھا کہ پی پی ختم ہوگئی


Nama Nigar May 09, 2013
سازشوں کا مردانہ وار مقابلہ کریں گے، ٹنڈو جام کے قریب جلسے سے خطاب۔ فوٹو: فائل

لاہور: حیدرآباد کے حلقہ پی ایس 50 پر پیپلزپارٹی کے امیدوار شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے قیام سے ہی اس کے خلاف سازشیں شروع ہوگئی تھیں جو آج تک جاری ہیں لیکن ملک کے عوام ان سازشوں کو ناکام بناتے آئے ہیں اور آئندہ بھی تمام سازشوں کا مردانہ وار مقابلہ کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹنڈو جام کے قریب موسہ کھٹیان شہر میں منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شرجیل میمن نے کہا کہ کچھ قوتوں نے ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو کی شہادت کے موقعے پر کہا تھا کہ پی پی اب ہمیشہ کے لئے ختم ہوگئی ہے لیکن انہیں مایوسی کا سامنا کرنا پڑا، گزشتہ 5سال کے دوران پی پی کا میڈیا ٹرائل کیا گیا لیکن ہمارے قائد آصف علی زرداری نے ہمیں ہمیشہ صبر کی تلقین کی، سازشی عناصر کو ایوان صدر میں سندھی ٹوپی والا صدر اچھا نہیں لگتا لیکن انہیں آئندہ 5سال بھی سندھی ٹوپی والا صدر برداشت کرنا پڑے گا۔

انھوں نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف واویلا کرنے والے ہی لوڈشیڈنگ کے اصل ذمے دار ہیں، جنھوں نے اپنے دور میں ایک یونٹ بھی بجلی پیدا نہیں کی۔ انھوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے اپنے دور میں سندھ دشمن منصوبے کالا باغ ڈیم کو ہمیشہ کے لیے دفن کردیا اس کے باوجود قوم پرست پی پی کے خلاف واویلا کر رہے ہیں۔ جلسے کے موقعے پر پیر امجد شاہ، انعام کھٹیان، امیر علی شاہ جاموٹ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ اس موقعے پر پی ایس 50 کے سنی تحریک کے امیدوار وقاص شعبان عطاری نے شرجیل انعام میمن کے حق میں دستبردار ہونے کا اعلان کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں