کراچی میں فائرنگ تشدد سے مزید 8 افراد ہلاک

زخمی طالبان کارندے کی تلاش میں اسپتالوں میںچھاپے،فرنٹیئر کالونی میں ملزمان پیدل فرار

سیکڑوں شہریوں کے نام رجسٹر نہیں ہوسکے، بیشتر کے ووٹ پرانے ایڈریس پر برقرار فوٹو: فائل

شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں 7افراد ہلاک اور خاتون سمیت 4افرادزخمی ہوگئے۔

پیرآباد کے علاقے فرنٹیئر کالونی میں غوثیہ محلے میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے گھر کے باہر بیٹھا 25 سالہ دلاور خان ولد بہرام خان ہلاک ہوگیا، پولیس کے مطابق مقتول اپنی رہائش گاہ یو سی 7 مکان نمبر C-116 کے باہر بیٹھا تھا کہ 2 نامعلوم ملزمان نقاب پوش آئے اور فائرنگ کرکے پیدل ہی فرار ہوگئے، مقتول پولیس قومی رضاکار تھا جبکہ اس کا آبائی تعلق سوات سے تھا، پولیس کے مطابق مقتول کی سرگرمیاں مشکوک تھیں، واقعے کا مقدمہ الزام نمبر 182/13 نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرلیا گیا۔

ماری پور روڈ پر کرائون سنیما کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 20 سالہ قاسم سومرو ولد اسماعیل سومرو ہلاک ہوگیا، ایس ایچ او کلری حاجی ثنا اللہ نے ایکسپریس کو بتایا کہ مقتول بھیم پورہ عثمان آباد کا رہائشی اور ٹرک ڈرائیور تھا، مقتول منگل کی شام گھر سے نکلا تھا جس کے بعد سے وہ لاپتہ ہوگیا تھا، پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ سہراب گوٹھ میں رحمٰن اسپتال کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 24 سالہ حاجی حکیم ولد عبدالمالک ہلاک ہوگیا، ڈی ایس پی خالد خان نے ایکسپریس کو بتایا کہ مقتول جرائم پیشہ شخص تھا اور اس کے خلاف متعدد مقدمات بھی درج تھے، ایس ایچ او سہراب گوٹھ محمد نعیم نے ایکسپریس کو بتایا کہ مقتول کا تعلق کالعدم پیپلز امن کمیٹی سے تھا جسے اس کے مخالف گروپ نے قتل کردیا۔




 

موچکو میں نامعلوم افراد ایک خاتون کی لاش پھینک کر فرار ہوگئے، ایس ایچ او حاجی لیاقت نے ایکسپریس کو بتایا کہ بلدیہ ٹائون میں ناردرن بائی پاس کے قریب نامعلوم افراد 45 سالہ عورت کی لاش سڑک پر پھینک دی گئی، عورت کو ملزمان نے تشدد کے بعد گلا گھونٹ کر ہلاک کردیا لاش کی شناختنہیں ہوسکی۔ سائٹ ایریا میں غنی چورنگی کے قریب بوری میں بند لاش ملی جسے ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال پہنچایا گیا، سائٹ بی پولیس کے مطابق مقتول کو نامعلوم ملزمان نے اغوا کے بعد بدترین تشدد کا نشانہ بنایا اور سر پر بھاری چیز کے وار کرکے ہلاک کردیا، بعدازاں مقتول کی شناخت 30 سالہ فیاض ولد حق نواز کے نام سے ہوئی جوکہ تاج کمپلیکس کا رہائشی تھا، مقتول کا آبائی تعلق اٹک سے تھا جبکہ اسے بدھ کو اپنے گائوں روانہ ہونا تھا لیکن منگل کی شام جب وہ گھر سے نکلا تو واپس نہیں پہنچ سکا اور سائٹ ایریا سے اس کی لاش مل گئی۔

عزیز آباد کے علاقے یاسین آباد میں ندی کے قریب سے نامعلوم شخص کی لاش ملی جس کی عمر تقریباً 50 برس ہے، پولیس کے مطابق فوری طور پر یہ علم نہیں ہوسکا کہ وہ خود گرا ہے یا اسے کسی نے دھکا دے کر گرایا ، مقتول کی شناخت نہیں ہوسکی۔ پیر آباد کے علاقے نصرت بھٹو موڑ میانوالی کالونی میں واقع کوئٹہ شاہ جی ہوٹل کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے25 سالہ غوث الدین ولد افسر اور احسن ولد مقبول ہلاک جبکہ حمید خان ولد ہفتہ خان زخمی ہو گیا۔ ایس ایچ او پیر آباد کے مطابق ہلاک ہونے والا منشیات فروش اور زخمی کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے کارندہ ہے جو گزشتہ کافی عرصے سے میانوالی کالونی میں پولیس کی سرپرستی میں منشیات فروخت کر رہے تھے، فائرنگ کرنے والے مقتولین کے ساتھی ہیں جن کا کسی بات پر آپس میں جھگڑا ہوا تھا، زخمی پر اسرار طور پر لاپتہ ہو گیا پولیس مفرور کی تلاش میں شہر کے مختلف اسپتالوں میں چھاپے ما رہی ہے۔

شریف آباد کے علاقے غریب آباد بلوچ ہوٹل کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے50 سالہ عطامحمد ولد غلام محمد اور عزیز آباد کے علاقے کریم آباد میں نامعلوم افرادکی فائرنگ سے35سالہ شمشاد زوجہ غلام نبی زخمی ہو گئی۔سرجانی ٹائون کے علاقے میں خدا کی بستی میں نامعلوم افراد نے تیز دھار آلے کے وار کرکے 40 سالہ شاردین ولد نظام الدین کو زخمی کردیا۔لاشوں اور زخمیوں کو سول، جناح اور عباسی شہید اسپتال پہنچایا گیا ۔ ملیر سعود آباد PS-121 متحدہ قومی موومنٹ کے الیکشن آفس کے قریب سے گزرنے والی سیاسی جماعت کی ریلی اور مخالف سیاسی جماعت کے کارکنوں میں الیکشن کے حوالے سے لگائے جانے والے نعروں کے دوران تصادم کے دوران 2 طرفہ شدی فائرنگ سے علاقے میں شدید خوف ہراس پھیل گیا ، اطلاع ملنے پر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ، پولیس کے آنے پر فائرنگ کرنے والے منتشر ہو گئے ، پولیس کے مطابق ریلی میں شریف افراد اور وہاں پہلے سے موجود مخالف سیاسی جماعت کے کارندوں میں پہلے تلخ کلامی ہوئی اس کے بعد ہاتھا پائی ، پتھراؤ اور پھر دونوں طرف سے شدید فائرنگ ہوئی ، ہاتھا پائی اور پتھراؤسے دونوں سیاسی جماعت کے دو دو کارکن زخمی ہوگئے جبکہ فائرنگ سے علاقے کی دکانیں اور دیگرکاروبار بند ہوگیا ۔
Load Next Story