تفریحی پارک میں الم ناک حادثہ

پارک انتظامیہ کے ذرایع نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ جھولے میں لگے بولٹ بدنیتی سے ڈھیلے کیے گئے


Editorial July 17, 2018
پارک انتظامیہ کے ذرایع نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ جھولے میں لگے بولٹ بدنیتی سے ڈھیلے کیے گئے۔ فوٹو: فائل

پرانی سبزی منڈی کے قریب واقع تفریحی عسکری پارک میں جھولا گرنے کے واقعے کی تحقیقات کے لیے چینی ماہرین کوطلب کرلیاگیا ہے، اس درد ناک واقعہ میں ایک 12 سالہ بچی کشف اور16 دیگر افراد زخمی ہوئے ، پولیس ذرایع کا کہناہے کہ جھولا بولٹ کی جگہ سے شافٹ ٹوٹنے کی وجہ سے گرا، دوسری جانب پارک کے ٹھیکے دار نے کمشنرہاؤس میں اپنا بیان ریکارڈ کراتے ہوئے واقعے کو سازش قرار دیا ہے۔ بہرحال جو الم ناک حادثہ ہوا وہ افسوسناک تھا ،ایک معصوم بچی کی قیمتی جان گئی اور دیگر زخمی ہوئے، مکمل تحقیقات ہونی چاہیے۔

میڈیا کے مطابق پارک کی نگہداشت اور نگرانی کے لیے چیک اینڈ بیلنس کے سوالات پیدا ہوئے ہیں ، مذکورہ پارک یونیورسٹی روڈ پرانی سبزی منڈی کے قریب واقع 30 ایکڑ رقبہ پر قائم ہے، امیوزمنٹ پارک میں ڈسکوری رائڈ نامی جھولا گرنے کے واقعے کی ابتدائی رپورٹ تیارکرلی گئی ہے، پولیس ذرایع کا کہنا ہے کہ جھولا بولٹ کی جگہ سے شافٹ ٹوٹنے کے وجہ سے گرا اور شافٹ ٹوٹنے سے جھولے کی گراریاں سلپ ہوگئیں اوراس وجہ سے یہ افسوسناک حادثہ پیش آیا۔ پارک انتظامیہ کے ذرایع کا کہناہے کہ جھولے میں20 بڑے بولٹ لگے ہوئے تھے جسے رات میں کسی وقت لوز کیا گیا ہے۔

پارک انتظامیہ کے ذرایع نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ جھولے میں لگے بولٹ بدنیتی سے ڈھیلے کیے گئے۔ انتظامیہ کے ذرایع کے مطابق پارک میں لگے جھولے چین سے درآمد کیے گئے تھے۔ چینی ماہرین کو بھی پاکستان بلا لیا گیا ہے۔ چینی ماہرین پاکستان انجینئرنگ کونسل کے ساتھ مل کر تحقیقاتی ٹیم کی معاونت کریںگے۔ پارک انتظامیہ کے ذرایع کے مطابق انتظامیہ نے متاثرہ لڑکی کشف کے اہلخانہ سے رابطہ کیا اوران کے گھرجا کر تعزیت کی اورانھیں معاوضے کی پیش کش کی تاہم کشف کے اہل خانہ نے یہ کہہ کران کی پیشکش مستردکردی کہ ان کی بچی اب اس دنیا سے چلی گئی ہے۔

دریں اثنا پی آئی بی پولیس نے اتوار کی شب پرانی سبزی منڈی کے قریب واقع عسکری امیوزمنٹ پارک میں جھولا گرنے کا مقدمہ نمبر 123/18 بجرم دفعات 319 اور 337-H-i/34 کے تحت پارک کی انتظامیہ کے خلاف درج کرلیا۔ جاں بحق ہونے والی نوعمر لڑکی کشف کے والد کا کہنا تھا کہ وہ وقت کی کمی کے باعث قانونی کارروائی نہیں کرانا چاہتے ، اگرچہ مقدمے میں کسی کو نامزد نہیں کیا گیا ہے ،تاہم پارک کی انتظامیہ کو ممکنہ حادثات کے سدباب کے لیے الرٹ رہنے کی ضرورت ہے اور مشینی جھولوں کی مزید موثر نگہداشت بھی ناگزیر ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں