سیارہ مشتری کے گرد مزید 12 چاند دریافت

ایک ساتھ متعدد نئے چاند کی دریافت کے بعد گیسی سیارے کے چاند کی تعداد 79 ہوگئی ہے

مشتری کے 12 نئے چاند کی تصدیق اور حتمی اعلان کرنے میں ایک سال کا عرصہ لگا (فوٹو: فائل)

ہمارے نظامِ شمسی سے ایک خبر آئی ہے جس میں ماہرین فلکیات کہہ رہے ہیں کہ سیارہ مشتری (جوپیٹر) کے مزید 12 نئے چاند دریافت ہوئے ہیں، اس طرح مشتری کے چاند کی تعداد 79 ہوگئی ہے اور وہ سب سے زیادہ چاند والا سیارہ بن چکا ہے۔

واشنگٹن میں واقع کارنیگی انسٹی ٹیوٹ آف سائنس کے سائنس دان اسکاٹ ایس شیپرڈ زمینی دوربینوں سے نظامِ شمسی کے دوردراز مقامات کی کھوج میں لگے ہوئے تھے کہ انہوں نے مشتری کے گرد کئی چاند دریافت کیے۔ اس بار وہ طاقتور دوربین سے ایک وسیع علاقے کو دیکھ رہے تھے کہ انہیں مشتری کے ساتھ تیرتے نقطے نما چھوٹے سیارچے بھی دکھائی دیئے۔

چونکہ مشتری عموماً یکساں رفتار سے سفر کرتا ہے اسی بنا پر اس کے قریب موجود چاند بھی اسی ایک رفتار سے گردش کرتے دکھائی دیتے ہیں اور اس کی تصدیق کے بعد مشتری کے مزید چاند کی تصدیق ہوسکتی تھی تاہم اس کام میں بہت صبر اور وقت درکار ہوتا ہے۔




اسکاٹ شیپرڈ کے مطابق مشتری کے نئے چاندوں کا حتمی اعلان کرنے میں ایک سال کا عرصہ لگا اور ماہرین نے نئے چاندوں کی حرکت کا ایک سال تک مشاہدہ کیا تو معلوم ہوا کہ وہ سیارہ جوپیٹر کے ساتھ ساتھ چل رہے ہیں۔ اس طرح اب مشتری کے مزید 12 چاندوں کی حتمی تصدیق ہوچکی ہے۔

اس کے بعد بین الاقوامی فلکیاتی تنظیم میں چھوٹے سیاروں پر تحقیق کے ماہر گیرتھ ولیمز نے ان تمام چاندوں کے مدار ناپے ہیں۔ 12 میں سے 9 چاندوں کا مدار مشتری سے بہت دور ہے جبکہ تین سیاروں کو مشتری کے گرد ایک چکر مکمل کرنے میں زمین کے دو سال یعنی 730 دن لگ جاتے ہیں۔

ماہرین کا ابتدائی اندازہ ہے کہ جس مادے سے مشتری بنا ہے عین اسی مادے سے یہ چاند بھی بنے ہیں جو مشتری سے جڑنے سے بچ گئے اور اب اس کے گرد گھوم رہے ہیں۔
Load Next Story