سابق وزیراعظم گیلانی کے بیٹے علی حیدرگیلانی اغوا فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق3 زخمی 

بھائی بازیاب نہ ہواتوپھرملتان میں انتخابات کاجواز نہیں رہےگا اورکم ازکم اپنےحلقےمیں انتخابات نہیں ہونےدیں گے،علی موسیٰ

علی حیدر گیلانی کارنر میٹنگ کررہے تھے کہ ایک موٹر سائیکل اور گاڑی میں سوار افراد نے وہاں پہنچ کر فائرنگ شروع کردی . فوٹو : فائل

پیپلزپارٹی کی کارنر میٹنگ کے بعد مسلح افراد یوسف رضا گیلانی کے چھوٹے صاحبزادے علی حیدر گیلانی کو اغوا کرکے لے گئے جب کہ اس دوران فائرنگ سے دو افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ملتان کے علاقے فرخ آباد میں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے چھوٹے صاحبزادے اور پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 200 سے امیدوار علی حیدر گیلانی ایک کارنر میٹنگ کررہے تھے کہ ایک موٹر سائیکل اور گاڑی میں سوار افراد نے وہاں پہنچ کر فائرنگ کردی جس کی زد میں آکر علی حیدر گیلانی کے بالکل سامنے کھڑے ان کے پرسنل سیکریٹری محی الدین موقع پر ہی جاں بحق جبکہ 4 افراد زخمی ہوگئے، فائرنگ سے بچنے کےلئے وہاں موجود افراد چھپ گئے اور حملہ آور علی حیدر گیلانی کو گاڑی میں بٹھا کر فرار ہوگئے۔


واقعے کے بعد وہاں موجود لوگوں نے زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا جہاں مزید ایک زخمی دم توڑ گیا، پولیس نے بھی علی حیدر گیلانی کی بازیابی کےلئے کارروائی شروع کردی ہے، ایس ایس پی آپریشنز ملتان خرم شکور نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ علی حیدر گیلانی کی بازیابی کےلئے ملتان کے تمام راستے سیل کردئیے گئے ہیں اس کے علاوہ ان کی بازیابی میں کردار ادا کرنے والے اہلکاروں اور شہریوں کو انعام بھی دیا جائے گا۔

دوسری جانب سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادوں نے واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا، میڈیا سے بات کرتے ہوئے علی موسیٰ گیلانی نے کہا کہ انہیں صرف اپنا بھائی چاہئے اگر رات تک ان کا بھائی بازیاب نہ ہوا تو پھر ملتان میں انتخابات کا کوئی جواز نہیں رہے گا اور کم از کم وہ اپنے حلقے میں انتخابات نہیں ہونے دیں گے۔ اس موقع پر عبدالقادر گیلانی نے کہا کہ ہم ضابطہ اخلاق کی پابندی کا شکار ہوگئے ہیں، انہیں اپنے آپ کو اچھا اور قانون کا پابند ہونے کی سزا دی جارہی ہے اگر انہیں اسلحے رکھنے کی اجازت ہوتی اور سیکیورٹی ملتی تو یہ واقعہ رونما نہ ہوتا۔

واضح رہے کہ یوسف رضا گیلانی آج ملتان میں جلسہ عام سے خطاب کرنے والے تھے تاہم دہشت گردوں کی جانب سے ملنے والے دھمکیوں کے پیش نظر انہوں نے اسے منسوخ کردیا تھا۔
Load Next Story