اہم رہنماؤں پر حملوں کا منصوبہ ناکام پنجاب سے 9 کراچی سے 4 دہشتگرد گرفتار

ملتان میں4 دہشتگرداسلحہ سمیت گرفتار،کراچی میں پکڑے گئے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے


Monitoring Desk July 18, 2018
ملتان میں4 دہشتگرداسلحہ سمیت گرفتار،کراچی میں پکڑے گئے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے، فوٹو : فائل

سیکیورٹی فورسز اور سی ٹی ڈی نے الیکشن کے موقع پر اہم سیاسی رہنائوں پر حملوں کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے پنجاب کے مختلف علاقوں سے 9 جبکہ کراچی سے 4 دہشتگروں کو گرفتار کرلیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے پنجاب میں فیصل آباد، بہاولپور اور ڈی جی خان میں خفیہ اطلاع پر آپریشنز کیے گئے۔ڈی جی خان سے 5 دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو گرفتار کیا گیا ، دریں اثنا لاہور اور ملتان سے نمائندگان ایکسپریس کے مطابق سی ٹی ڈی ملتان نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے تحریک طالبان پاکستان کے 4 دہشت گردوں کواسلحہ اور بارودی مواد سمیت ملتان بائی پاس کے قریب سے گرفتار کرلیا۔

کائونٹر ٹیرارازم ڈپارٹمنٹ آپریشن ٹو نے شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران انصار الشریعہ تنظیم کے مرکزی کمانڈر کے قریبی ساتھی اور کالعدم تحریک طالبان کے 3 دہشت گردوں کوگرفتار کر کے اسلحہ دھماکا خیز مواد اور دیگر سامان برآمد کرلیا، گرفتار دہشت گردوں منصوبہ بندی کے تحت الیکشن کے موقع پرشہر میں تخریب کاری کی واردات کرنا چاہتے تھے جسے پولیس نے ناکام بنا دیا گیا۔

ایس ایس پی کائونٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ آپریشن ٹو جنید احمد شیخ نے پیر کو گارڈن ہیڈ کوارٹر میں واقعے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ سی ٹی ڈی پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران 4 دہشت گردوں ابوبکر، ابراہیم ،جواد اور فہد کو گرفتار کر کے اسلحہ،دھماکا خیزمواد، چندے کی رسیدیں اور دیگر سامان برآمد کرلیا ، انھوں نے بتایا کہ پولیس کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ شاہ فصل کالونی میں واقعے ایک مدرسے کے قریب کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے دہشت گرد موجود ہیں جوشہر میں ممکنہ دہشت گردی کی واردات کے حوالے سے منصوبہ بندی کر رہے ہیں جس پر سی ٹی ڈی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے کامیاب چھاپہ مار کارروائی کے دوران 2 دہشت گردوں ابوبکر اور فہد کو گرفتار کرکے دھماکا خیز مواد برآمد کرلیا ۔

جنید شیخ نے بتایا کہ گرفتار ملزمان نے افغانستان سے دہشت گردی کی تربیت حاصل کی ہوئی ہے اور انھوں نے 2016 میں اپنے 30 سے زائد ساتھیوں کے ہمراہ جنوبی وزیرستان میں ٹاوا کے مقام پر ایف سی چوکی پر حملہ کر کے 4 جوانوں کو شہید کیا تھا جبکہ دہشت گردوں نے ایک اور کارروائی میں فوجی کانوائے کو 3 دن تک محصور کیے رکھا بعدازاں مزید فوجی کمک پہنچنے پر دہشت گرد موقع سے فرار ہوگئے ،ایس ایس پی نے بتایا کہ سی ٹی ڈی پولیس نے مچھر کالونی دہشت گرد ابراہیم کو گرفتار کرلیا جو کہ کوئٹہ میں ایک مدرسے کا منتظم ہے اور وہ سادہ لوح افراد کو دہشت گردی کے لیے بھرتی کرنے اور انھیں کارروائیوں کے لیے ملک کے مختلف شہروں میں بھیجتا تھا جبکہ دہشت گرد چمن کے راستے اسلحے اور بارودی مواد کی اسمگلنگ میں بھی ملوث ہونے کے علاوہ دہشت گردوں کو پناہ اور زخمی ہونے والے دہشت گردوں کا علاج بھی کرواتا تھا۔

جنید شیخ نے مزید بتایا کہ سی ٹی ڈی پولیس نے کورنگی 100 کوارٹرز میں تیسری کارروائی کے دوران ملزم جواد کو گرفتار کرلیا جو کہ متحدہ پاکستان کے رہنما خواجہ اظہارالحسن پرحملے میں ملوث کالعدم تنظیم انصار الشریعہ کے مرکزی کمانڈر اور ماسٹر مائنڈ سروش صدیقی کا قریبی ساتھی ہے جو اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مذکورہ تنظیم کو دوبارہ سے منظم اور فعال کر کے دہشت گردی کی کارروائیوں کا ارادہ رکھتا تھا جسے پولیس نے ناکام بنا دیا، ملزم کے قبضے سے دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے جبکہ ملزم تھانہ کورنگی کے مختلف مقدمات میں بھی ملوث رہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں