ایشین گیمز کی تیاریاں پاکستان فٹبال ٹیم نے بحرین میں ڈیرے ڈال دیے

کوچنگ اسٹاف اور کھلاڑیوں کو گیم پلان کی آزمائش کا اچھا موقع ملے گا، فیصل صالح حیات

ایشین گیمز اور ساف چیمپئن شپ کی تیاریوں کیلیے پاکستان فٹبال ٹیم نے بحرین میں ڈیرے ڈال دیے۔ فوٹو: فائل

ایشین گیمز اور ساف چیمپئن شپ کی تیاریوں کیلیے پاکستان فٹبال ٹیم نے بحرین میں ڈیرے ڈال دیے، ٹور کے دوران اسکواڈ 4 پریکٹس میچزکھیلنے کے بعد 31 جولائی کو وطن واپس آئے گا۔

پی ایف ایف کے صدر سید فیصل صالح حیات کا کہنا ہے کہ دورئہ بحرین میں کوچنگ اسٹاف اورکھلاڑیوں کواپنی صلاحیتیں اورگیم پلان کی آزمائش کا اچھا موقع ملے گا، مستقبل کے چیلنج کوپیش نظر رکھتے ہوئے پلیئرزکی صلاحیتیں نکھارنے کیلیے ہرممکن قدم اٹھانے کیلیے تیار ہیں، امید ہے بحرین میں کھلاڑیوں کو اچھا تجربہ حاصل ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق تین سالہ بندش کے بعد پاکستان فٹبال ٹیم نے انٹرنیشنل مقابلوں کیلیے کمرکس لی، گرین شرٹس کوپہلے مرحلے میں انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں شیڈول ایشن گیمز کا چیلنج درپیش ہے۔


ایشیائی ایونٹ 18 اگست سے 2 ستمبر تک شیڈول ہے،ایشیائی ایونٹ کے بعد قومی ٹیم وطن واپس آ کر 4 سے 15 ستمبر تک شیڈول ساف کپ میں شرکت کیلیے ڈھاکا روانہ ہوگی۔ میگا ایونٹس کی تیاریوں کیلیے ابتدائی مرحلے میں کراچی میں ہونیوالے چیلنج کپ کے ذریعے60 سے زائدکھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا جن کوغیرملکی قومی کوچ کی زیرنگرانی لاہورمیں بھرپورٹریننگ دی گئی۔ ایشین گیمزاورساف چیمپئن شپ میںانٹرنیشنل تجربہ دلانے کیلیے پاکستان فٹبال فیڈریشن نے قومی ٹیم کے دورئہ بحرین کا اہتمام کیاگیا۔

اس دورے کا حصہ بننے کیلیے قومی ٹیم گزشتہ صبح علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور سے بحرین روانہ ہوئی، بیرون ملک جانے والوں میں وسیم اصغر، عدیل علی ، یوسف احمد، محسن علی، محمد سہیل، ارسلان علی، محمد عمیر، علی خان، محمد ریاض، احسان اللہ، مہدی حسن، شہباز یونس، محمد عثمان، سعد اللہ، فیصل اقبال، محمد احمد، احمد فہیم، محمد عادل، نوید احمد، محمود خان، بلاول الرحمان، یوسف اعجاز، صدام حسین، محمد دانیال، عبداللہ قاضی اور حسن بشیرشامل ہیں۔ جوز انٹونیو نوگیرا، جوز رابرٹو پورٹیلا، محمد حبیب، چوہدری نعمان ابراہیم اور محمد اسلم پر مشتمل کوچنگ اسٹاف اورآفیشلز بھی ہمراہ ہیں۔کچھ وجوہات کی بنا پر زین العابدین اسحاق ، عبدالباسط اورمرتضیٰ حسین گذشتہ رات روانہ ہوسکے۔یاد رہے کہ باصلاحیت کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ لاہور میں جاری رہا جس میں برازیلی کوچ جوز انٹونیو ناگورا اور ٹرینر جوز پورٹیلا پلیئرز کو ٹریننگ دیتے رہے۔

اب تیاریوں کے اگلا مرحلہ بحرین میں ہوگا،اسکواڈ 4 پریکٹس میچز کھیلنے کے بعد 31 جولائی کو وطن واپس آئیگا۔ ادھر پی ایف ایف کے صدر سید فیصل صالح حیات نے کہا ہے کہ دورہ بحرین میں کوچنگ اسٹاف اور کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں اور گیم پلان کی آزمائش کا اچھا موقع ملے گا، مستقبل کے چیلنج کو پیش نظر رکھتے ہوئے پلیئرزکی صلاحیتیں نکھارنے کیلیے ہرممکن قدم اٹھانے کیلیے تیار ہیں، امید ہے کہ بحرین میں کھلاڑیوں کو اچھا تجربہ حاصل ہو گا۔صدر فیڈریشن کے مطابق دیگرکھیلوں کی طرح پاکستان میں فٹبال کے میدان میں بھی بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، اگر پاکستان میں تین سال تک کھیلوں کی سرگرمیاں معطل نہ رہتی تو ہم فٹبال میں بہت آگے جاسکتے تھے، فیصل صالح حیات کا کہنا تھا کہ ہم درست میں گامزن ہیں، پرامید ہوں کہ قومی ٹیم ایشین گیمز اور ساف چیمپئن شپ میں عوامی توقعات کے مطابق نتائج دینے میں کامیاب رہے گی۔
Load Next Story