عمران تیزی سے صحت یاب ہورہے ہیں لیکن اپنا ووٹ نہیں ڈال سکیں گے معالج عمران خان

اسلام آباد کے جلسے سے وڈیو خطاب کی اجازت بھی ان کی صحت کو مدنظر رکھ کر دی جائے گی، ڈاکٹر فیصل سلطان


ویب ڈیسک May 09, 2013
عمران خان دو روز قبل لاہور میں جلسے سے خطاب کےلئے اسٹیج پر چڑھتے ہوئے لفٹر سے گر کر زخمی ہوگئے تھے. فوٹو فائل

عمران خان کے معالجین نے انہیں ووٹ ڈالنے کےلئے میانوالی جانے کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے۔

شوکت خانم اسپتال لاہور کے ڈائریکٹر ڈاکٹر فیصل سلطان نے عمران خان کی صحت کے بارے میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز عمران خان کا ایم آر آئی کیا گیا جس کی رپورٹ کے مطابق ان کی ریڑھ کی ہڈی کو نقصان نہیں پہنچا اور وہ بہت تیزی کے ساتھ صحتیاب ہورہے ہیں، ان کی حالت کو دیکھتے ہوئے یہ کہا جاسکتا ہے کہ اگلے ایک سے دو روز میں اس بات کا فیصلہ کیا جائے گا کہ عمران مزيد کتنے دن اسپتال میں رہیں گے تاہم یہ ممکن نہیں کہ وہ انتخاب سے قبل گھر جاسکیں اور میانوالی میں اپنا ووٹ کاسٹ کرسکیں۔

ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ عمران خان جس طرح صحت یاب ہورہے ہیں وہ توقع اورایک عام آدمی کی نسبت بہت بہتر ہے تاہم ان کی معلومات کے مطابق عمران خان نے کسی بھی قسم کی چہل قدمی نہیں کی اس کے علاوہ آج اسلام آباد کے جلسے سے وڈیو خطاب کی اجازت بھی ان کی صحت کو مدنظر رکھ کر دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عام افراد سے ملاقات پر پابندی برقرار ہے تاہم ان کی سیکیورٹی اور دوسرے مریضوں کی مشکلات دیکھتے ہوئےعمران خان کو تیسری منزل پرمنتقل کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ عمران خان دو روز قبل لاہور میں جلسے سے خطاب کےلئے اسٹیج پر چڑھتے ہوئے لفٹر سے گر کر زخمی ہوگئے تھے، جس سے ان کی پسلیوں میں 3 فریکچر اور سر میں چوٹ لگی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں