الیکشن کمیشن نے نازیبا الفاظ کے استعمال پرعمران خان کو نوٹس جاری کردیا

الیکشن کمیشن کا سردار ایاز صادق اور پرویز خٹک کو بھی نوٹس جاری کرنے پر غور،ذرائع


ویب ڈیسک July 18, 2018
عمران خان کو جاری نوٹس پر سماعت کل الیکشن کمیشن کا چار رکنی بنچ کریگا،فوٹو: فائل

الیکشن کمیشن نے انتخابی مہم کے دوران نازیبا الفاظ استعمال کرنے پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو نوٹس جاری کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق انتخابی جلسوں میں مخالفین کے خلاف نامناسب اور تضحیک آمیز زبان استعمال کرنا عمران خان کو مہنگا پڑگیا،الیکشن کمیشن نے عمران خان کی تقریروں کا جائزہ لینے کے بعد انہیں نوٹس جاری کردیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کو کل کے لیے نوٹس جاری کیا گیا ہے اور چار رکنی بنچ کل اسلام آباد میں الیکشن کمیشن آفس میں سماعت کرے گا۔

ایاز صادق اور پرویز خٹک کو بھی نوٹس جاری کرنے پر غور


ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن مسلم لیگ(ن) کے رہنما سردار ایاز صادق اور پرویز خٹک کو بھی نوٹس جاری کرنے پر غور شروع کردیا ہے جب کہ دیگر امیدواروں کے تند و تیز بیانات اور جلسوں میں نازیبا الفاظ استعمال کرنے کے حوالے سے الیکشن کمیشن جائزہ لے رہا ہے۔

عمران خان نے نیب میں پیش ہونے کیلیے وقت مانگ لیا


دوسری جانب قومی احتساب بیورو (نیب) خیبرپختونخوا نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو سرکاری ہیلی کاپٹر کے استعمال کے کیس میں آج طلب کیا تھا تاہم انہوں نے پیش ہونے سے معذرت کرلی ہے۔ عمران خان کے وکیل ڈاکٹر بابر اعوان نے نیب کے مراسلے کا جواب بھجوایا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ عمران خان سیاسی عزائم سے مبرا مکمل طور پر شفاف احتساب کی بھرپور حمایت کرتے ہیں، انہوں نے ہمیشہ نیب کو مضبوط بنانے کی وکالت کی، انتخابات میں کامیاب ہوئے تو اسے مضبوط بنائیں گے۔

نوٹس کے جواب میں کہا گیا ہے کہ انتخابات کی آمد آمد ہے اور عمران خان تحریک انصاف کی انتخابی مہم کی قیادت کررہے ہیں، 18 جولائی کو پہلے سے طے شدہ مصروفیات کے باعث عمران خان کے لئے پیشی مشکل ہے، نیب مناسب سمجھے تو آئندہ سماعت کےلئے سات اگست کی تاریخ مقرر کرلے۔

واضح رہے کہ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے 2 فروری کو عمران خان کی جانب سے خیبرپختونخوا حکومت کے 2 ہیلی کاپٹرز کو غیرسرکاری دوروں کے لئے نہایت ارزاں نرخوں پر استعمال کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دیا تھا۔ نیب کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ عمران خان نے ایم آئی 17 پر 22 گھنٹے اور ایکیوریل ہیلی کاپٹر پر 52 گھنٹے پرواز کی اور اوسطاً 28 ہزار روپے کے حساب سے 74 گھنٹوں کے 21 لاکھ 7 ہزار 181 روپے ادا کیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں