شیر کے نشان والوں کی 25 جولائی کو ضمانتیں ضبط ہوں گی چوہدری نثار

الیکشن نعروں اور تقریروں سے نہیں بلکہ خدمت کی بنیاد پر لڑا جاتا ہے، چوہدری نثار


ویب ڈیسک July 19, 2018
الیکشن نعروں اور تقریروں سے نہیں بلکہ خدمت کی بنیاد پر لڑا جاتا ہے، چوہدری نثار

؎سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے عوام کو الیکشن ڈے ووٹر نہیں بلکہ انصاف کے ساتھ جج بن کر ووٹ دینے کا فیصلہ کرنا ہے جب کہ شیر کے نشان والوں کی 25 جولائی کو ضمانتیں ضبط ہوں گی۔

ٹیکسلا میں پہلے ٹمبر مارکیٹ اور بعد میں نواب آباد میں انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری نثار علی خان نے اپنے مخالفین کو نشانے پر لئے رکھا، ان کا کہنا تھا کہ میرے مخالفین حواس باختہ ہو چکے ہیں اور ڈر کی وجہ سے حلقہ میں عمران خان کو بلوا لیا ہے جب کہ میں اس حلقے کا منتخب نمائندہ نہیں تھا مگر ٹیکسلا کو تحصیل کا درجہ میں نے دلوایا، سوئی گیس دلوائی ، سڑکیں بنوائیں اور وفاداری کرتے ہوئے یہاں خدمت کی۔

چوہدری نثار نے اپنے جلسے میں لیٹ آنے والوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ جلسے میں لیٹ آنے والوں کواہم پیغام دیتا ہوں کہ الیکشن والے دن بھی اسی طرح لیٹ آئے تو کوئی آپکا انتظار نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن نعروں اور تقریروں سے نہیں ، خدمت کی بنیاد پر لڑا جاتا ہے جب کہ شیر کے نشان والوں کی 25 جولائی کو ضمانتیں ضبط ہوں گی، یہ شیر نہیں دراصل بلی ہے، بَلے اور بلی کے خلاف جیپ کو ووٹ دینا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں