پاکستان اسٹیل کو 16 مئی تک 11 ارب کا بیل آؤٹ مل جائیگا

اگست تک اسٹیل ملز کی پیداوار 60 فیصد تک پہنچ جائے گی، وفاقی وزیرصنعت


Business Reporter May 10, 2013
نئی حکومت کو قیام امن اور انرجی بحران سے نمٹنے کیلیے ہنگامی اقدامات کرنا ہونگے، گفتگو فوٹو: فائل

وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار شہزادہ احسن اشرف شیخ نے کہا کہ پاکستان اسٹیل ملزکو 16 مئی 2013 تک 11 ارب روپے کا بیل آؤٹ پیکیج مل جائے گا جس سے وہ خام مال خرید کرسکیں گے اور اگست 2013 تک اسٹیل مل کی پیداوار60 فیصد تک پہنچ جائے گی۔

پاکستانی معیشت میں کراچی کی حیثیت نہایت اہمیت کی حامل ہے، کراچی میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو ذاتی مفادات سے بالاتر ہوکر سر جوڑ کر بیٹھنا ہوگا، کراچی میں بدامنی سے پورے ملک کی معیشت پر منفی اثراب مرتب ہوتے ہیں، تاجروں وصنعتکاروں کے تحفظ کیلیے ہنگامی بنیادوں پر فیصلے نہ کیے گئے تو مستقبل میں صورتحال مزید گمبھیر ہوسکتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے کراچی کے مقامی ہوٹل میں ایکسپورٹ پروسیسنگ زونز اتھارٹی کے چیئرمین محمد سعادت ایس چیمہ کی جانب سے دیے گئے ظہرانے کے بعد بات چیت کرتے ہوئے کیا، ظہرانے میں کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری، اوورسیز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور دیگر بزنس کمیونٹی کی اہم شخصیات نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوارنے مہمانوں سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے مسائل حل کرانے کی یقین دہانی کرائی۔



شہزادہ احسن اشرف شیخ نے کہا کہ نگراں حکومت نے بجلی کے بحران کے حل کے لیے جامع سفارشات تیار کی ہیں جو آنے والی حکومت کو بجلی کے بحران سے نمٹنے میں مدد دے گی، ان تجاویز میں گیس اور فرنس آئل کی فراہمی کی پالیسی کے لیے سفارشات شامل ہیں ۔

آئندہ منتخب حکومت کے لیے امن و امان اور انرجی بحران بہت بڑے چیلنج کی شکل میں ہوں گے، ان کے حل کے لیے ہنگامی بنیادوں پر نہ صرف پالیسی بلکہ عمل درآمد کو یقینی بنانا ہوگا۔ چیئرمین ای پی زیڈ اے محمد سعادت ایس چیمہ نے کہا کہ گزشتہ 5سال کے دوران ای پی زیڈ اے میں 50نئی صنعتیں قائم ہوئی ہیں جبکہ 8سے 9بند بیمار صنعتوں کو بحال کرنے کیلیے خصوصی اقدامات کیے جارہے ہیں، اتھارٹی مشکل حالات میں بہتر کردار ادا کر رہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں