مہوش حیات کی ’’لوڈ ویڈنگ‘‘ نے لوگوں کی توجہ حاصل کرلی

فلم میں فہد شادی کی تگ ودومیں ہیں،ان کی دلچسپ حرکتیں ناظرین کومحظوظ کریں گی، فلم میں میرا کردارمیرو کا ہے، اداکارہ

ہمیں ایسی ہی فلمیں پروڈیوس کرنے کی ضرورت ہے، جن سے اداس چہروں پرمسکراہٹ آجائے ’’ایکسپریس‘‘سے گفتگو، اداکارہ۔ فوٹو: فائل

اداکارہ وماڈل مہوش حیات کی فلم ''لوڈ ویڈنگ'' کے ٹریلر نے ریلیز ہوتے ہی سوشل میڈیا پرلوگوں کی توجہ حاصل کرلی ہے۔

فلم میں مہوش حیات کے مدمقابل مرکزی کردارفہد مصطفیٰ کررہے ہیں لیکن اس فلم کی ڈائریکٹرنبیل قریشی اورپروڈیوسرفضا علی مرزا ہیں، جبکہ اس فلم کوملک گیر سطح پر ڈسٹریبیوشن کلب کے بینر تلے عیدالاضحی کے موقع پرنمائش کیلیے پیش کیا جائے گا۔


اس سلسلہ میں مہوش حیات نے ''ایکسپریس''سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ فلم میں فہدمصطفیٰ کو کسی طوفان کی طرح دکھایا گیا ہے، فلم کی کہانی اس بات کے گردگھومتی دکھائی گئی کہ کس طرح فہد مصطفی جوکہ شادی کی تگ ودومیں ہیں اور ان سب کے درمیان ان کی دلچسپ حرکتیں ناظرین کومحظوظ کریں گے، فلم میں میرا کردارمیرو کا ہے ، جس میں ہر قدم پر مصالحہ، ڈائیلاگ اورمزاحیہ حالات شامل ہیں جوفلم کو مزید دلچسپ بناتے ہیں جب کہ فلم کی موسیقی پرجذبات سے بھرپور ڈانس نے اس کوچارچاند لگادیے ہیں۔

مہوش حیات نے کہا کہ ٹریلر اپنے دیکھنے والوں کو مکمل طور پر دیسی ماحول میں لے جائے گا، اگریہ کہا جائے تواس فلم کے ذریعے پاکستان کا خوبصورت کلچرنمایاں ہوگا، تویہ غلط نہیں ہے۔ فلم میں اورفہد مصطفیٰ کچھ نئے رجحانات کے ساتھ دکھائی دیں گے۔ فہد مصطفیٰ کی لمبی مونچھیں ہونگی میرے گیٹ اپ کے بارے میں تفصیلات توفلم کی ریلیز کے بعد ہی پتہ چلیں گی۔

ایک سوال کے جواب میں مہوش حیات نے کہا کہ مجھے بے انتہا خوشی ہے کہ فلم کا ٹریلر ریلیز کیا گیا اوراس کے ریلیز ہوتے ہی شائقین کی جانب سے مثبت رسپانس سامنے آرہا ہے۔ امید ہے کہ ' لوڈ ویڈنگ ' لوگوں کے دلوں کو چھولینے والی فلم ثابت ہوگی اوراس کودیکھنے کے بعد شائقین مایوس نہیں بلکہ قہقہے لگاتے ہوئے سینما ہال سے واپس جائیں گے۔ موجودہ دورمیں ہمیں ایسی ہی فلمیں پروڈیوس کرنے کی ضرورت ہے، جن کودیکھ کرلوگوں کے اداس چہروں پر مسکراہٹ آجائے۔
Load Next Story