جھانوی کپور کی ’’دھڑک‘‘ کو پاکستان میں سنسر سرٹیفکیٹ مل گیا

فلم کا سنسر شو لاہور میں ہوا ،اراکین نے بغیراعتراض کے نمائش کی اجازت دیدی۔


Showbiz Reporter July 19, 2018
ڈائریکٹر شاشانک کائیتن کی زیر ہدایت بننے والی فلم قدامت پسندی اور آنر کلنگ جیسے مسائل کا احاطہ کرتی ہے۔ فوٹو : فائل

بالی وڈ پربرسوں راج کرنے والی آنجہانی اداکارہ سری دیوی کی صاحبزادی اداکارہ جھانوی کپور کی پہلی فلم '' دھڑک'' کو پاکستان میں نمائش کیلیے سنسر سرٹیفکیٹ مل گیا۔

بالی وڈ کے معروف پروڈکشن ہاؤس دھرما پروڈکشنز کے بینر تلے تیار ہونے والی نئی رومانوی کامیڈی فلم '' دھڑک '' کو پاکستان میں نمائش کیلیے پنجاب فلم سنسر بورڈ نے سرٹیفیکیٹ جاری کردیا ہے۔ فلم کا سنسر شو گذشتہ روز لاہور میں ہوا ، شو میں شامل اراکین نے بغیر کسی اعتراض کے فلم کو عام نمائش کی اجازت دے دی ۔

ڈائریکٹر شاشانک کائیتن کی زیر ہدایت بننے والی فلم ''دھڑک '' مراٹھی زبان کی سپر ہٹ رومانوی فلم ''سائرات'' کا ری میک ہے جو کالج میں زیر تعلیم دو مختلف ذاتوں سے تعلق رکھنے والے لڑکے اور لڑکی کی محبت پر مبنی ہے۔

فلم ترقی پذیر معاشروں میں پائے جانے والی قدامت پسندی اوربرادری ازم کے باعث پیش آنے والے مسائل بالخصوص آنر کلنگ پربھی روشنی ڈالتی ہے ۔ فلم کی لیڈ کاسٹ لیجنڈ فنکارہ سری دیوی کی بیٹی جھانوی کپور اور شاہد کپور کے چھوٹے بھائی ایشا ن کھتر شامل ہیں جن کی بے مثال اداکاری نے فلم کو چار چاند لگا دیے ہیں۔

تجزیہ نگاروں کے مطابق '' دھڑک ''کی کامیابی سے بالی وڈ کی کہکشاں میں دو نئے اسٹار فنکاروں کا اضافہ ہوجائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں