کراچی میں تحریک انصاف کے انتخابی دفتر پر فائرنگ 5 کارکن زخمی

انتخابی دفتر پر فائرنگ پیپلز پارٹی والوں نے کروائی، پی ٹی آئی امیدوار علی حسین بلوچ


ویب ڈیسک July 19, 2018
انتخابی دفتر پر فائرنگ پیپلز پارٹی والوں نے کروائی، پی ٹی آئی امیدوار علی حسین بلوچ۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

ضلع ملیر کے صوبائی حلقہ پی ایس 89 میں تحریک انصاف کے امیدوار علی حسین بلوچ کے دفتر پر مبینہ فائرنگ سے 5 کارکن زخمی ہو گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی میں ضلع ملیر کے علاقہ داؤد چالی کے صوبائی حلقہ پی ایس 89 میں تحریک انصاف کے امیدوار علی حسین بلوچ کے انتخابی دفتر پر موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم افراد کی مبینہ فائرنگ کے نتیجے میں 5 کارکن زخمی ہو گئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

پی ٹی آئی امیدوار علی حسین بلوچ نے اس حوالے سے ایکسپریس کے بتایا کہ انتخابی دفتر پر سیدھی فائرنگ کی گئی جب کہ دفتر پر پیپلز پارٹی والوں نے کلاشنکوف سے فائرنگ کروائی۔ علی حسین نے بتایا کہ کچھ دنوں سے انتخابی دفتر بند کرنے کے لیے دھمکیاں مل رہی تھیں تاہم اس سلسلے میں شراف گوٹھ پولیس کو آگاہ کردیا گیا تھا لیکن اس کے باوجود پولیس کی جانب سے کوئی تحفظ فراہم نہیں کیا گیا۔

دوسری جانب صدر تحریک انصاف کراچی فردوس نقوی نے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکام تحریک انصاف پر حملوں کا نوٹس لیں، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی غندہ گردی اور لوٹ مار کے دن گنے جا چکے تاہم عوام 25 جولائی کو لوٹ مار کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دیں گے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔