کینسر سے بچنا ہے تو رات کا کھانا جلدی کھایئے ماہرین

یہ پہلا مطالعہ ہے کہ جس میں غذا کے ساتھ اس کے وقت اور سونے جاگنے کے معمولات بھی مدنظر رکھے گئے ہیں


ویب ڈیسک July 19, 2018
رات کا کھانا جلدی کھانے کی بدولت پروسٹیٹ کینسر اور بریسٹ کینسر کا خطرہ بھی کم ہوجاتا ہے۔ (فوٹو: انٹرنیٹ)

اسپین کے ماہرینِ غذائیات نے ایک طویل مطالعے کے بعد دریافت کیا ہے کہ اگر رات کا کھانا جلدی کھا لیا جائے تو اس سے مردوں کو پروسٹیٹ کینسر سے جبکہ خواتین کو بریسٹ کینسر سے بچنے میں بڑی مدد ملتی ہے۔

بارسلونا انسٹی ٹیوٹ فار گلوبل ہیلتھ میں مانولس کوجیویناس کی سربراہی میں کیے گئے اس مطالعے میں مجموعی طور پر تقریباً 4000 رضاکاروں کو شریک کیا گیا جن میں 2500 خواتین اور 1500 مرد شامل تھے۔ رضاکاروں میں سے نصف صحت مند جبکہ نصف کو پروسٹیٹ/ بریسٹ کینسر تھا۔

ان تمام افراد کا تفصیلی طبی معائنہ کیا گیا جبکہ ان کے روزمرہ معمولات سے متعلق ان سے سوالنامے بھی بھروائے گئے۔

تفصیلی تجزیئے کے بعد معلوم ہوا کہ وہ لوگ جو رات کا کھانا جلدی کھانے کے عادی تھے یا رات کے کھانے کے کم از کم دو گھنٹے بعد سونے کےلیے جاتے تھے، ان میں پروسٹیٹ کینسر اور بریسٹ کینسر کی شرح ایسے افراد کے مقابلے میں 20 فیصد کم تھا جو یا بالعموم رات کا کھانا دیر سے کھایا کرتے تھے یا پھر رات کا کھانا کھانے کے فوراً بعد ہی سونے کےلیے لیٹ جایا کرتے تھے۔

انٹرنیشنل جرنل آف کینسر کے تازہ شمارے میں شائع شدہ اس تحقیق سے معلوم ہوتا ہے کہ اگر رات کا کھانا ایسے وقت پر کھالیا جائے کہ جب سونے میں کم از کم دو گھنٹے باقی ہوں، تو جہاں صحت کے دوسرے فوائد حاصل ہوتے ہیں وہیں کم از کم دو اقسام کے سرطانوں کا خطرہ بھی بڑی حد تک کم ہوجاتا ہے۔

کوجیوناس کے مطابق اب تک کیے گئے مطالعات میں صرف کھانے میں شامل چیزوں اور سرطان میں تعلق ہی پر تحقیق کی گئی تھی جبکہ یہ پہلا موقعہ ہے جب غذا کے ساتھ ساتھ اس کے وقت اور سونے جاگنے کے اوقات بھی مدنظر رکھے گئے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |