آرٹیکل 62 63 عملدرآمد کیسہائیکورٹ نے فیصلہ محفوظ کرلیا

سابق وزیرقانون زاہدحامد اہل قرار، اے پی ایم ایل کے خلاف درخواست الیکشن کمیشن کو بھجوادی

سابق وزیرقانون زاہدحامد اہل قرار، اے پی ایم ایل کے خلاف درخواست الیکشن کمیشن کو بھجوادی. فوٹو: فائل

لاہورہائیکورٹ کے فل بینچ نے آرٹیکل 62اور 63پر عملدرآمد کے لیے درخواست پر فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا، عدالت نے سماعت کے دوران استفسارکیا کہ اگرکسی فرد کے خلاف کوئی مقدمہ درج ہوگیا ہے توکیااسے پارلیمنٹ میں نہیں آنا چاہیے اورکسی کے اچھے کردار کا فیصلہ کون کرے گا۔


اگر کسی کو سزا دے دی جائے توکیا وہ عمر بھر کے لیے نا اہل ہو جائے گا؟ عدالتی معاون سلمان اکرم راجا نے کہا کہ آرٹیکل 63 میں سزا کے5 سال بعد تک نااہلی برقرار رہتی ہے، اس کے بعد الیکشن لڑا جا سکتا ہے۔ دریں اثنا ہائیکورٹ نے آل پاکستان مسلم لیگ کی رجسٹریشن کی منسوخی کیلیے دائردرخواست الیکشن کمیشن کو بھجوادی ۔

عدالت نے این اے 114سیالکوٹ سے امیدوار سابق وزیر قانون زاہدحامد کوانتخابات میں حصہ لینے سے روکنے کی درخواست مستردکرتے ہوئے انھیں اہل قرار دے دیا۔ عدالت نے قراردیا کہ اب جبکہ الیکشن کے انعقاد میں صرف ایک روز باقی ہے تو ایسے میں اس سماعت ممکن نہیں۔ علاوہ ازیں ہائیکورٹ نے ن لیگ کے جلسوں میں سفید شیر کی نمائش روکنے کی درخواست پر حکومت، الیکشن کمیشن ، محکمہ جنگلات اور محکمہ تحفظ جنگلی حیات سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 14مئی تک ملتوی کردی۔ درخواست فریال گوہر نے دائرکی ہے۔

Recommended Stories

Load Next Story