ڈوپنگ سے بچاؤ ایشین گیمز سے قبل 2 روزہ سیمینار ہوگا

کھلاڑیوں اورکوچزکوممنوعہ ادویات سے دور رہنے کی آگاہی دی جائے گی

کھلاڑیوں اورکوچزکوممنوعہ ادویات سے دور رہنے کی آگاہی دی جائے گی۔ فوٹو: فائل

رواں برس انڈونیشیامیں شیڈول ایشین گیمزمیں کھلاڑیوں اورکوچزکوممنوعہ ادویات کے استعمال سے بچنے کی آگاہی فراہم کرنے کے لیے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے اگست میں2روزہ سیمینار کرانے کا فیصلہ کرلیا، اس پروگرام کا انچارج سیکریٹری میڈیکل کمیشن پی او اے ڈاکٹراسد عباس شاہ کومقررکیا گیا ہے۔

سیمینار کے کامیاب انعقاد کے حوالے سے گذشتہ روز اولمپک ہاؤس لاہور میں میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل خالد محمود، پی او اے کے میڈیکل کمیشن کے سیکریٹری ڈاکٹر اسد عباس شاہ اور چیئرمین ڈاکٹر وقارنے شرکت کی، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایشین گیمزمیں پلیئرزکوممنوعہ ادویات کے استعمال سے روکنے کے لیے2 روزہ سیمینار 4 اور 5 اگست کو اسلام آباد میں ہوگا.

اس حوالے سے پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل خالد محمود کا کہنا ہے کہ ڈوپنگ کے بارے میں زیادہ علم نہ ہونے کی وجہ سے کھلاڑی وہ ادویات بھی استعمال کربیٹھتے ہیں جو مستقبل میں ان کے لیے مسائل پیدا کرتی ہیں، ہمارا مشن یہ ہے کہ قومی کھلاڑیوں کوہرسطح پرآگاہی فراہم کی جائے، ہم ممنوعہ ادویات کے استعمال سے آگاہی فراہم کرنے کے ساتھ پلیئرزکوڈوپنگ، فٹنس اور خوراک کے بارے میں آگاہی پروگرام ترتیب دے رہے ہیں، اس پروگرام کی ذمہ داری سیکریٹری میڈیکل کمیشن پی او اے ڈاکٹر اسد عباس شاہ کو سونپی گئی ہے۔


انھوں نے مزیدکہا کہ یہ سیمینار4 اور5اگست کو اسلام آباد میں ہوگا، اس کا مقصد یہ ہے کہ ایشین گیمز میں ملک کی نمائندگی کرنے والے دستے،کوچز اور ٹرینر کو یہ ممنوعہ ادویات کے استعمال سے بچاؤ سے متعلق آگاہی دی جائے۔

اس موقع پرپاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے میڈیکل کمیشن کے سیکریٹری ڈاکٹر اسد عباس نے کہا کہ پی او اے کا مشن ہے کہ نہ صرف قومی سطح بلکہ گراس روٹ لیول پریہ آگاہی فراہم کی جائے کہ ممنوعہ ادویات کا استعمال نہ صرف ان کے مستقبل پر سوالیہ نشان لگا سکتا ہے بلکہ ان کو مختلف موذی بیماریوں میں مبتلا کر سکتا ہے۔انھوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کے ساتھ یہ پروگرام ملک بھر کے تعلیمی اداروں، یونیورسٹیوں اور کالجزمیں بھی شروع کیے جائیں گے۔

 
Load Next Story