قومی کراٹے ٹیم کو عمرے کی سعادت نصیب ہو گئی

اومان سے وطن واپسی پر سعودی عرب میں مختصر قیام کے دوران موقع ملا


Zubair Nazeer Khan July 20, 2018
اومان سے وطن واپسی پر سعودی عرب میں مختصر قیام کے دوران موقع ملا۔ فوٹو؛ فائل

15 ویں ایشن کراٹے چیمپئن شپ میں شرکت کرنے والی پاکستانی ٹیم کو سعودی عرب میں مختصر قیام کے دوران غیر متوقع طور پر عمرے کی سعادت نصیب ہوگئی۔

پاکستان کراٹے ٹیم نے ایشین کراٹے فیڈریشن کے تحت اردن کے شہر اومان میں ہونے والی15ویں ایشین کراٹے فیڈریشن (اے کے ایف) کراٹے چیمپئن شپ کے مینز اور ویمنز ایونٹس میں شرکت کی، 9 رکنی قومی اسکواڈ میں 4 مرد، 2 خواتین کھلاڑیوں کے ساتھ 3 آفیشلز بھی شامل تھے، مرد کھلاڑیوں میں سعدی عباس نے 75-کلوگرام، ظفر اقبال نے 67-کلوگرام، محمد کاشف نے 60-کلو گرام اور نصیر احمد نے 55- کلوگرام کے ایونٹس میں شرکت کی جبکہ ویمنز کراٹیکاز کلثوم ہزارہ نے 68- کلوگرام اور قرۃ العین نے 68+ کلو گرام کے درجات کے مقابلوں میں حصہ لیا۔

شاہ محمد نے کوچ اور پاکستان کراٹے فیدریشن کے چیئرمین محمد جہانگیر نے منیجر کے فرائض انجام دیے، قومی فیڈریشن کے سینئرنائب صدر نسیم قریشی نے ریفری کی ذمہ داری ادا کی، چیمپئن شپ میں شرکت کے بعد واپس وطن آنے والی قومی ٹیم کو سعودی عرب کے شہر جدہ میں 14 گھنٹے کا عارضی قیام کرنا تھا۔

ایشین کراٹے فیڈریشن کے اجلاس میں شرکت کے لیے آنے والے سعودی عرب کراٹے فیڈریشن کے صدر ڈاکٹر ابراہیم نے پاکستانی اسکواڈ کی خواہش پر ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے ان کے عارضی قیام کے دوران عمرے کی سعادت کا اہتمام کردیا، جدہ پہنچنے پر پاکستانی کراٹے ٹیم کو خصوصی پروٹوکول دیا گیا۔

سعودی عرب کے سابق انٹرنیشنل کراٹے کھلاڑی اور جدہ کراٹے ایسوسی ایشن کے صدر عبدالمطلب نے ذاتی طور پر جدہ ایئر پورٹ پر ان کا استقبال کیا اوراپنی نگرانی میں پاکستان کراٹے ٹیم کو مکہ مکرمہ پہنچا کر عمرہ کی سعادت دلائی، پاکستانی کھلاڑیوں کے مطابق ان کے وہم و گمان میں بھی نہ تھا کہ ایسا ممکن ہوگا تاہم ان کی خواہش پوری ہوگئی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔