اعتماد سے عاری زمبابوے پر ایک اور کاری وار کی تیاری

ون ڈے سیریزکا چوتھا میچ آج کھیلا جائے گا،گرین شرٹس کلین سوئپ کی جانب ایک اور قدم بڑھانے کیلیے کوشاں


Sports Desk July 20, 2018
بینچ پاورمیں موجود نواز اور آصف کوصلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملنے کا امکان۔ فوٹو: اے ایف پی

پاکستان نے اعتماد سے عاری زمبابوے پر ایک اور کاری وار کی تیاری کر لی جب کہ ون ڈے سیریز کا چوتھا میچ آج کھیلا جائے گا۔

بھرپور فارم میں نظر آنے والی پاکستان ٹیم کا مقابلہ کرتے ہوئے زمبابوے کی کوئی تدبیر کارگر ثابت نہیں ہوئی،بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں میں متاثر کن کارکردگی دکھانے میں ناکام رہنے والی میزبان ٹیم کو تیسرے ون ڈے کی پلیئنگ الیون میں تبدیلیوں کا بھی کوئی فائدہ نہیں ہوا،بہتری کے بجائے تنزلی آئی اور پوری ٹیم 67پر ڈھیر ہوگئی، پاکستان نے ہدف 10واں اوور مکمل ہونے سے قبل ہی حاصل کرلیا۔

گرین شرٹس نے محمد عامر اور حسن علی کو آرام دے کر جنید خان اوریاسر شاہ کو میدان میں اتارا،دونوں کی بولنگ شاندار رہی،فہیم اشرف کی تباہ کاری کے ساتھ کم بیک کرنے والے ان بولرز نے بھی میزبان ٹیم کی مشکلات میں اضافہ کیا،اس سے قبل ابتدائی دونوں میچز میں عثمان شنواری اور شاداب خان بھی حریف بیٹنگ لائن کو متزلزل کرنے میں کامیاب رہے۔

پاکستان نے پہلے مقابلے میں بیٹنگ کا موقع ملنے پر 308کا ہدف دیا تھا،دوسری جانب زمبابوے کا اب تک سب سے بڑا ٹوٹل 194رہا ہے،میزبان بیٹنگ لائن کی جانب سے کپتان ہیملٹن مساکیڈزا اور پیٹر مور ایک آدھ اچھی اننگز کھیلے لیکن کارکردگی میں تسلسل کا فقدان رہا، وقار کی بحالی اور کلین سوئپ کا راستہ روکنے کے لیے دونوں کو بیٹنگ کا بوجھ اٹھانا ہوگا، پیٹرمور پر اس لیے بھی دباؤ زیادہ ہوگا کہ وہ وکٹ کیپنگ گلوز چھوڑ کر بطور اسپیشلسٹ بیٹسمین کھیل رہے ہیں۔

دوسری جانب پاکستان کی جانب سے فخرزمان بہترین فارم کی بدولت ابھی تک 3میچز میں ایک سنچری سمیت 98.65کی اوسط سے 220رنز جوڑ چکے ہیں،امام الحق نے پہلے میچ میں تھری فیگر اننگز کھیلی،تیسرے میں پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہوئے،اوپنرز کی اچھی کارکردگی کی وجہ سے پہلے میچ کے بعد بیشتر بیٹسمینوں کو کریز پر وقت گزارنے کا زیادہ موقع نہیں ملا۔

انجری سے نجات کے بعد ٹیم میں واپس آنے والے بابر اعظم بھی بڑی اننگز نہیں کھیل پائے جس کی وجہ سے رینکنگ میں تنزلی کا بھی شکار ہوئے، پاکستان بینچ پاور کو آزمانے کے لیے محمد نواز اور آصف علی کو موقع دے سکتا ہے، دوسری جانب محمد حفیظ بھی تاحال ون ڈے سیریز میں اپنا پہلا میچ کھیلنے کے منتظر ہیں۔

زمبابوے ٹیم میں ایک بار پھر تبدیلیوں پر غور کررہا ہے،ڈیبیو پر ناکام ہونے والے پرنس میسوائیورکی جگہ برائن چاری کو واپس لانے کا آپشن موجود ہوگا،ٹینڈائی چسورو کو ڈراپ کرکے لیام رونچی کو شامل کرنے کا فیصلہ بھی ممکن ہے۔

میزبان ٹیم کو ناتجربہ کار لیکن باصلاحیت موزاربانی کے ساتھ موجودہ الیون میں 4وکٹیں لینے والے واحد بولر ویلنگٹن مساکیڈزا سے پاکستانی بیٹنگ لائن کو بریک لگانے کی امیدیں وابستہ ہونگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں