ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری نے لاہورکا رخ کرلیا منور حسن

بلوچستان سے ملنے والی بوری بند لاشوں کا کلچر اب پنجاب میں بھی جڑ پکڑ رہا ہے،خطاب


Numainda Express August 13, 2012
بلوچستان سے ملنے والی بوری بند لاشوں کا کلچر اب پنجاب میں بھی جڑ پکڑ رہا ہے،خطاب ۔ فوٹو ایکسپریس

امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے کہا ہے کہ ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری نے کراچی سے نکل کر لاہورکا رخ کرلیا ہے اور بلوچستان سے ملنے والی بوری بند لاشوں کاکلچر اب پنجاب میں بھی جڑ پکڑ رہا ہے۔ شمالی وزیرستان میں امریکا کے ساتھ مل کر لڑنے والے بھی انھی کی صف میں کھڑے ہیں۔

حکمران دشمن کو اسلحہ ، خنزیر اور شراب پہنچا رہے ہیں۔ پاکستان کو عالمی برادری میں بدنام کرنے کیلیے سندھ سے ہندوئوں کے عدم تحفظ کی بنیاد پر بھارت منتقلی کاڈرامہ رچایا گیا ہے حالانکہ حقیقت اسکے برعکس ہے ۔ پاکستانی میڈیا نے اس معاملے میں انتہائی غیر ذمہ داری کا ثبوت دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے ماڈل ٹائون میں شاہد اسلم ملک کی طرف سے دی گئی افطار پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ منور حسن نے کہاکہ دو روز سے میڈیا میں ڈھنڈورا پیٹا جا رہا ہے کہ سندھ میں ہندو برادری عدم تحفظ کا شکار ہے اور کئی خاندان بھارت منتقل ہور ہے ہیں۔

حالانکہ بھارت جانیوالے ہندو خاندان خودکہہ رہے ہیں کہ '' وہ بھارت میں مقدس مقامات کی یاترا کیلیے جارہے ہیں اور پاکستان میں اقلیتوں کیلیے عدم تحفظ اتنا نہیں جتنا میڈیا نے پیش کیا ہے ۔'' انھوں نے کہاکہ یہ پاکستان کو بدنام کرنے کی سازش ہے ۔ میڈیا نے بغیر تحقیق اور بغیر سوچے سمجھے رائی کا پہاڑ بنا دیا ہے۔ افطار پارٹی سے لیاقت بلوچ اور امیر جماعت اسلامی لاہور امیر العظیم نے بھی خطاب کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں