افغان حکام کی پاکستان میں قید ملا برادر سے خفیہ ملاقات

افغانستان میںقیام امن کیلیے تعاون کی پالیسی پرقائم ہیں،رحمن ملک،مزیداقدامات کی ضرورت ہے،مغربی عہدیدار


Monitoring Desk/News Agencies August 13, 2012
افغان حکام کوملابرادرتک مناسب رسائی دیدی،افغانستان میںقیام امن کیلیے تعاون کی پالیسی پرقائم ہیں،رحمن ملک،مزیداقدامات کی ضرورت ہے،مغربی عہدیدار۔ فوٹو: ایکسپریس

پاکستان میںقیدطالبان کے اہم رہنما ملا عبدالغنی برادراور افغان حکام کے درمیان خفیہ ملاقات کاانکشاف ہواہے، افغان صدر کے قومی سلامتی کے مشیر رنگین داد فرسپانتااوروفاقی وزیرداخلہ رحمن ملک نے اس ملاقات کی تصدیق کی ہے۔ کابل میںبرطانوی خبرایجنسی رائٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے رنگین دادفرسپانتانے بتایا کہ ہم نے دوماہ قبل ملابرادر سے ملاقات کی ہے،ملاقات کامقصدامن عمل کے حوالے سے ان کی رائے معلوم کرناتھا۔

ادھر وفاقی وزیرداخلہ رحمن ملک نے یہ کہہ کر تصدیق کی کہ پاکستان نے افغان حکام کو ملابرادر تک رسائی کی اجازت دیدی ہے اورانہیںمناسب لیول پر رسائی حاصل ہے، انھوں نے کہا کہ افغانستان میں قیام امن کے لیے پاکستان ہرممکن تعاون کی پالیسی پر قائم ہے، طالبان کے امیر ملاعمر کے دست راست ملاعبدالغنی برادر کو فروری 2010ء میں کراچی سے گرفتار کیاگیا تھا افغان حکام کو توقع ہے کہ ملا برادر امن بات چیت میں کلیدی کردار ادا کرسکتے ہیں ، ایک مغربی عہدیدار نے بتایا کہ ملا برادر تک رسائی دینا ایک اچھا اقدام ہے مگرابھی مزید اقدامات کی ضرورت ہے، افغان حکومت کی پوری تسلی تب ہوگی جب انہیںافغانستان کے حوالے کیا جائے گا۔

رائٹرز کے مطابق ملابرادر چونکہ طویل عرصے سے جیل میں رہے ہیں ،اس لیے فی الحال یہ واضح نہیں کہ وہ کس حد تک عسکریت پسندوں پراثر انداز ہوسکتے ہیں۔ ادھر امریکی ریڈیوکے مطابق اتوار کوکابل میںمعمول کی نیوز کانفرنس میں وزارت خارجہ کے ترجمان جانان موسیٰ زئی نے کہا کہ افغانستان نے ملابرادر سمیت پاکستانی جیلوں میں قیدتمام طالبان رہنمائوں کی رہائی کا باربار مطالبہ کیاہے مگر اس سلسلے میں حکومت پاکستان کی جانب سے تاحال کوئی مثبت اقدام دیکھنے میں نہیںآیا، انھوں نے کہا کہ پاکستانی حکام خود بھی ان قیدیوں کو رہا کرنے کا عندیہ دے چکے ہیں اور توقع ہے کہ اس سلسلے میں افغانستان کے ساتھ عملی تعاون کیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں