دفاع پاکستان کونسل کا شمالی وزیرستان میں آپریشن کے فیصلے پر احتجاج

آپریشن ردعمل میں مزاحمت کار یا عسکری گروپ ملک میں انتقامی کارروائی شروع کردینگے، سمیع الحق


Numainda Express August 13, 2012
آپریشن ردعمل میں مزاحمت کار یا عسکری گروپ ملک میں انتقامی کارروائی شروع کردینگے، سمیع الحق۔ فوٹو ایکسپریس

KARACHI: دفاع پاکستان کونسل اور جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے شمالی وزیرستان میں فوجی آپریشن کے فیصلہ پر شدید احتجاج کیا اور اسے نیٹو سپلائی کی بحالی کے بعد امریکا کے دبائو میں آکر لگی ہوئی آگ کو پورے ملک میں پھیلانے کی دوسری سوچی سمجھی سازش قرار دیا ہے۔

مولانا سمیع الحق نے کہاکہ اس کے ردعمل میں مزاحمت کار یا عسکری گروپ ملک میں انتقامی کارروائی شروع کردیں گے،ہماری مقتدر قوتیں اپنے ملک اور قبائلی علاقوں کو نہ ختم ہونے والی خانہ جنگی انتشار اور قتل وقتال کی طرف دھکیل رہی ہیں،مولانا سمیع الحق نے کہاکہ ہمارے جرنیلوں کی حالیہ امریکی یاترا سے وابستہ خدشات فوجی آپریشن کے فیصلے کی شکل میں درست ثابت ہوگئی ہیں،دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین نے کہاکہ کونسل میں شامل تمام جماعتیں ان شرمناک فیصلوں کو مستردکرتی ہیں اورعید کے فوراً بعد اپنے سربراہی اجلاس میں لائحہ عمل طے کریں گی۔

مولانا سمیع الحق نے کہاکہ ایک طرف صدر اوباما حقانی نیٹ ورک کے نام پر اپنے لئے مزید مداخلت کے راستے ہموار کر رہا ہے جبکہ پاکستان میں حقانی نیٹ ورک کا کوئی وجود نہیں ہے دوسری طرف ہمارے حکمران اور افواج فوجی آپریشن کے نام پر دشمنوں کو مزید مواقع فراہم کررہے ہیں، مولانا سمیع الحق نے کہاکہ دفاع پاکستان کونسل پاکستان کی امریکی غلامانہ پالیسیوں کے خلاف مبنی ہے اور اس کے عزائم میں کسی کمی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

البتہ رمضان المبارک کے مشاغل روزے،تراویح،اعتکاف اور آخری عشرہ میں عمروں کیلئے سعودی عرب جانے کی وجہ سے سرگرمیوں میں کمی آگئی ہے جبکہ عیدالفطر کے بعد کونسل سرگرم عمل ہوجائیگی، مولانا سمیع الحق نے دہشتگردی کی آڑ میں دینی مدارس کیخلاف حالیہ توہین آمیز اقدامات بالخصوص پاکستان کی عظیم درسگاہ دارالعلوم کراچی پر چھاپے اور ہاسٹلوں کی تلاشی پر شدید غم وغصے کا اظہار کیا اور دارالعلوم کراچی کے منتظمین مولانا محمد رفیع عثمانی،مولانا تقی عثمانی سے فون پر اظہار افسوس کیا۔ مولانا سمیع الحق نے اس ضمن میں مدارس کی تنظیم وفاق المدارس پاکستان کوفیصلہ کن سٹینڈ لے کر حتمی اقدامات کا مشورہ دیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں