کشتی الٹنے سے برطانوی اولمپیئن سیلر سمپسن کی موت

ساتھیوں کے ہمراہ ’امریکی کپ‘کیلیے ٹریننگ کے دوران افسوسناک واقعے کا شکار ہوئے


Sports Desk May 11, 2013
برطانوی اولمپک میڈلسٹ سیلر اینڈریو سمپسن کا فائل فوٹو،وہ دوران ٹریننگ کشتی الٹنے سے ہلا ک ہوگئے ۔ فوٹو : اے ایف پی

امریکی شہر سان فرانسسکو میں کشتی الٹ جانے کے واقعے میں معروف برطانوی اولمپیئن کشتی راں اینڈریو بارٹ سمپسن ہلاک ہوگئے۔

وہ اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ 'امریکی کپ' کے لیے ٹریننگ کے دوران افسوسناک واقعے کا شکار ہوئے،36سالہ سمپسن سوڈین کی 'آرٹیمائز ریسنگ کیٹامارن' ٹیم کا حصہ تھے، ٹیم آفیشلزکا کہنا ہے کہ سمپسن کشتی پر اپنے دیگر 11ساتھیوں کے ساتھ تھے، اچانک کشتی الٹنے کے سبب وہ نیچے دب گئے جس سے موت ہوگئی۔

اینڈریو سمپسن نے 2008 کے بیجنگ اولمپک میں ای ین پرسی کے ساتھ گولڈ میڈل جیتا تھا، 2012کے لندن اولمپک میں اسی جوڑی نے چاندی کا تمغہ پایا۔آرٹیمائز ریسنگ نے اپنی ویب سائٹ پر لکھا کہ 'ہم بڑے افسوس کے ساتھ بارٹ سمپسن کی سان فرانسسکو میں المناک ہلاکت کی تصدیق کرتے ہیں۔'



بیان میں کہا گیاکہ سمپسن کو نکالنے کے بعد ڈاکٹرز نے دوبارہ سانسیں بحال کرنے کی بہت کوشش کی لیکن کامیاب نہیں ہوئے۔ ٹیم کے چیف ایگزیکٹیو پال کیارڈ نے ایک نیوز کانفرنس میں اس حادثے کو المناک دن سے تعبیر کیا، انھوں نے کہا کہ 'ہمیں آئندہ چند روز میں ہر شخص کی خیر و عافیت کے لیے بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے'۔

اولمپک سیلنگ منیجر اسٹیفن پارک نے سمپسن کو ایک بہترین کشتی راں قرار دیتے ہوئے کہاکہ 'وہ سیلنگ کرتے وقت ٹیم کے ارکان کی بھرپور صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانا جانتے تھے'۔ابھی یہ واضح نہیں کہ آخر ایسا کیا ہوا کہ کشتی کنٹرول سے باہر ہوکر الٹ گئی،واقعے کی تفتیش کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں