گرین شرٹس کی زمبابوین ’’پنچنگ بیگ‘‘ پر آج پھر زور آزمائی

لگاتار4 فتوحات پانے والی ٹیم نے کلین سوئپ کی تیاری مکمل کر لی۔


Sports Desk July 22, 2018
تیز ترین ایک ہزار رنز کا عالمی ریکارڈ فخرزمان سے صرف20رنز کی دوری پر موجود۔ فوٹو: فائل

زمبابوے اور پاکستان کے درمیان سیریز کا پانچواں اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل آج کھیلا جائے گا۔

پاکستان اور زمبابوے کا ویسے بھی عالمی کرکٹ میں کوئی مقابلہ نہیں، مگر جس ٹیم کے ساتھ میزبان رواں سیریز کھیل رہے ہیں اس میں میزبان ملک کے کچھ تجربہ کار کھلاڑی معاوضوں کے حوالے سے بائیکاٹ اور انجریز کی وجہ سے دستیاب ہی نہیں تھے، لہذا یہ جنگ زبردستی میدان میں اتارے گئے پلیئرزکی مدد سے لڑی اور نتیجہ ہر بار بدترین شکست کی صورت میں برآمد ہوا۔

تیسرے میچ میں اگرپوری ٹیم کا67 رنز پر ڈھیر ہونا ناکافی تھا تو چوتھے میں فخرزمان کی ڈبل سنچری سے تقویت پا کرپاکستان نے 244 رنز س بڑی فتح ریکارڈ کرلی، اس سے میزبان کی بچی کچھی ہمت بھی ختم ہوگئی، بیٹسمین مزاحمت نہیں کر پا رہے، بولرز سے بولنگ نہیں ہورہی،فیلڈنگ بھی غیرمعیاری ہے،زمبابوے کی جانب سے جو بھی کیا جائے وہ غلط ہی ہوتا ہے، سلیکٹرزکے پاس ویسے ہی زیادہ آپشنز نہیں تھے مگر انھوں نے بنچ پر موجود کھلاڑیوں کو بھی میدان میں اتارکر دیکھ لیا، تقریباً تمام ہی کمبی نیشن آزمائے جا چکے اور آخری کی آزمائش اب شاید پانچویں میچ میں ہوگی، مگر ان تبدیلیوں کا کوئی بھی فائدہ نہیں ہوا البتہ اگر وہ نتیجے میں تبدیلی لانے میں کامیاب رہے تو پھر یہ اس سال کا سب سے بڑا اپ سیٹ شمار ہوگا۔

ادھر پاکستان4 میچز میں 2کمبی نیشنز کی آزمائش کر چکا، سوائے محمد حفیظ کے تمام بیٹنگ ریزروز کی آزمائش ہو چکی، حارث بیٹی کی بیماری کے باعث گھر واپس لوٹ گئے تھے، حفیظ موقع کے منتظر ہیں،اگر انھیں کھلانے کا فیصلہ کیاگیا تو شعیب ملک کو آرام دیا جاسکتا ہے،بولرزمیں محمد نواز کو ابھی تک استعمال نہیں کیا گیا، انھیں بھی میدان میں اتارا جا سکتا ہے۔

گزشتہ میچ میں پاکستان کی جانب سے ون ڈے کی سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیلنے والے فخر زمان کو ایک روزہ انٹرنیشنل فارمیٹ میں تیز ترین ایک ہزار رنز مکمل کرنے کا اعزاز پانے کے لیے مزید صرف 20 رنز درکار ہیں، اگر وہ یہ اسکورکرلیں تو اس اعزاز تک 18 اننگز میں پہنچیں گے،فی الحال یہ ریکارڈ مشترکہ طور پر ویوین رچرڈز، کیون پیٹرسن، جوناتھن ٹروٹ، کوئنٹین ڈی کک اور بابر اعظم کے پاس ہے، ان سب نے 21، 21 اننگز میں ایک ہزار رنز کا سنگ میل عبور کیا تھا۔

بولاوایو میں موسم بدستور سرد مگر پچ پہلے میچ کی طرح خشک ہے، اگر پاکستان نے پہلے بیٹنگ کی تو ایک بار پھر بڑا اسکور دیکھنے کو مل سکتا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |