پاکستان میں آزادانہ انتخابات چاہتے ہیں کسی کی حمایت نہیں کرتے امریکا

11مئی کے انتخابات جمہوری عمل میںتاریخی پیشرفت ہوں گے جس پر پاکستانی عوام فخر کرسکیں گے،ترجمان وائٹ ہائوس

عوام کوپرامن اور جمہوری انداز میں انتخابی مرحلے میں شرکت کا حق ہے،محکمہ خارجہ فوٹو : فائل

امریکا نے کہاہے کہ وہ پاکستان میں آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کا حامی ہے اور کسی خاص جماعت یا فرد حمایت نہیں کرتا، وائٹ ہائوس کی ترجمان نے اپنے بیان میں کہاہے کہ11مئی کو ہونے والے انتخابات جمہوری عمل میں تاریخی پیش رفت ہوں گے جس پر پاکستانی عوام فخر کرسکیں گے۔

جبکہ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے جمعے کو میڈیابریفنگ میں اعادہ کیاکہ ہم کسی مخصوص سیاسی جماعت یا امیدوار کی حمایت نہیں کرتے، نیز یہ کہ ہم آنے والی جمہوری طورپر منتخب حکومت کے ساتھ بات چیت کا ارادہ رکھتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق امریکا نے کہاہے کہ پاکستان میں آج ہونے والے انتخابات کے بروقت، شفاف، آزادانہ اور منصفانہ ہونے کی امید رکھتے ہیں، ہم کسی مخصوص سیاسی جماعت یا امیدوار کے حامی نہیں ہیں، امریکا پاکستان میں انتخابی امیدواروں پر حالیہ تشدد کی مذمت کرتاہے، پاکستانی عوام کے اپنے نمائندوں کے انتخاب میں بھرپور طورپر حصہ لینے کے حق کی حمایت کرتے ہیں، پرامن، خوشحال اور جمہوری قوم کی خواہش کی تکمیل کی صلاحیت کے بھی حامی ہیں۔




وائٹ ہاؤس کی ترجمان لارالوکاس اور امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان پیٹرک وینٹرل نے الگ الگ بیانات میں کہاہے کہ امریکا کسی مخصوص سیاسی جماعت یا امیدوار کی حمایت نہیں کرتا۔ نیز یہ کہ وہ آنے والی جمہوری طورپر منتخب حکومت کے ساتھ بات چیت کا ارادہ رکھتا ہے۔ انھوں نے کہاکہ یہ انتخابات اقتدار کی جمہوری منتقلی کی اہم علامت اور ایک تاریخی پیش رفت ہے جس پر پاکستان کے عوام بجا طورپر فخر کرسکتے ہیں۔ امریکی دفتر خارجہ کے ترجمان نے پاکستان میں انتخابات سے قبل ہونیوالے پرتشدد واقعات کی بھی مذمت کی۔ انھوں نے کہاکہ امریکا پاکستان میں حالیہ تشدد کی مذمت کرتاہے جس میں سیاست دانوں اور ان کے حامیوں کو انتخابی مہم کے دوران نشانہ بنایا گیاہے۔ اسی طرح ہم شدت پسندتنظیموں کے حالیہ بیانات کی بھی مذمت کرتے ہیں جن میں انھوں نے پاکستان میں جمہوری سیاسی عمل میں خلل ڈالنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔

ترجمان نے کہاکہ ہم پاکستانی عوام کے اپنے نمائندوں کے انتخاب میں بھرپور طورپر حصہ لینے کے حق کی حمایت کرتے ہیں اور ایک پرامن، خوشحال اور جمہوری قوم کی خواہش کی تکمیل کی صلاحیت کے بھی حامی ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں امریکی ترجمان نے کہاکہ امریکا اپنے یورپی اتحادیوں کے ساتھ مل کر پاکستان میں عام انتخابات کی نگرانی کے عمل میں شامل ہونے کا ارادہ رکھتاہے اور منصفانہ وشفاف انتخابی عمل میں مدد کے لیے پاکستان کی وزارت خارجہ کے ساتھ مل کر کام کررہا ہے۔
Load Next Story