400 غیر ملکی صحافی آج انتخابات کی کوریج کریں گے

ہری پور،کوئٹہ کے علاوہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان جانے کی اجازت نہیں ہوگی

ہری پور،کوئٹہ کے علاوہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان جانے کی اجازت نہیں ہوگی فوٹو: فائل

BANGALORE:
آج ہونے والے عام انتخابات کی کوریج کے لیے 400 غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے نمائندے پہنچ چکے ہیں۔


وزارت داخلہ نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر غیر ملکی صحافیوں کو کوریج کیلیے 20 مخصوص شہروں میں جانے کی اجازت دی ہے۔ صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع ہری پور اور صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے علاوہ دیگر شہروں میں غیر ملکی صحافیوں کو جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔ صوبہ پنجاب اور سندھ کے 18 شہروں میں عام انتخابات کی کوریج کرنے کی غیر ملکی صحافیوں کو اجازت ہے۔ وزارت اطلاعات و نشریات کی خصوصی ہدایات پر صوبائی حکومتوں نے غیر ملکی صحافیوں کو خصوصی سیکیورٹی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزارت اطلاعات کے ذرائع نے بتایا ہے کہ بھارت، امریکہ، برطانیہ، جرمنی، فرانس، ترکی، چین، بنگلا دیش، سری لنکا سمیت دنیا بھر سے صحافی کوریج کے لیے یہاں آئے ہوئے ہیں۔ یورپی یونین مبصرین مشن کے سربراہ مسٹر مائیکل گاہلر آج اسلام آباد کے مختلف پولنگ اسٹیشنوں کا دورہ کریں گے۔ یورپی یونین کے 100 سے زائد انتخابی مبصرین آئے ہیں۔ مسٹر مائیکل نے ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ سیکیورٹی کی صورتحال کے پیش نظر صوبہ بلوچستان اور صوبہ خیبر پختونخوا میں مبصرین نہیں جائیں گے۔ سیکریٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد خان نے ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ غیر ملکی انتخابی مبصرین کو ہر ممکن سیکیورٹی دی گئی۔
Load Next Story