ملکی تاریخ میں پہلی بارعام انتخابات کے یادگاری ٹکٹ کا اجرا

آج نیاپاکستان جنم لے گا، پولنگ اسٹیشن پرٹھپے لگانے کاوقت گیا، اشتیاق احمد

یادگاری ٹکٹ کی تقریب رونمائی پرسیکریٹری الیکشن کمیشن کی میڈیاسے گفتگو۔ فوٹو: فائل

KARACHI:
سیکریٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمدخان نے کہاہے کہ آج نیاپاکستان جنم لے گا، فوج نے الیکشن کمیشن کی بھرپور معاونت کی ہے، ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ عام انتخابات کا یادگاری ٹکٹ جاری کیاجا رہاہے۔


عام انتخابات کے حوالے سے حتمی انتظامات کی بریفنگ اور یادگاری ٹکٹ کی تقریب رونمائی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں انھوں نے کہا کہ جعلی ووٹ بھگتانے کا کوئی سوچے بھی نہ، پریذائیڈنگ افسران کے پاس تصاویر والی ووٹرلسٹوں میں ووٹر کا انگوٹھالگانا لازمی ہوگا جو پریذائیڈنگ افسران الیکشن کمیشن کو واپس کرنے کے پابند ہوںگے۔ کسی ایک ووٹ کے بھی جعلی کاسٹ ہونے کی درخواست پر اسے چیک کیا جائے گا اور کمپیوٹرائزڈ ووٹر لسٹوں کی موجودگی میں نادرا کے ریکارڈ کے مطابق یہ پتا چل جائے گا کہ کون سا ووٹ کس شخص نے کاسٹ کیا پھر اس شخص کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انھوں نے زور دے کر کہا کہ وہ وقت چلاگیا جب پولنگ اسٹیشن پر ٹھپے لگتے تھے۔ ایسی کسی شکایت پر جعل سازی فوری ثابت ہوجائے گی اور اس کا خمیازہ امیدوارکو بھگتنا ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں سیکریٹری الیکشن کمیشن نے کہاکہ لوڈشیڈنگ ہوئی تو متعلقہ حکام کی نااہلی ہوگی۔ وزیراعظم نے بجلی پیدا کرنے والی کمپنیوں کو ادائیگی کے لیے رقم کی فراہمی یقینی بنائی ہے۔ انتخابات کے یادگاری ٹکٹ کی قمیت 8روپے ہوگی۔
Load Next Story