الیکشن 2018 انتخابی عملے سے رابطے کیلیے واٹس اپ گروپ بنا لیے گئے

پولنگ اسٹیشن کے نگراں پریزائیڈنگ افسران گروپ کو ہدایات جاری کر رہے ہیں


Zubair Nazeer Khan July 23, 2018
پولنگ افسران اورانتخابی عملہ گروپ کے ذریعے احکام اورہدایات حاصل کرنے لگا۔ فوٹو: فائل

الیکشن 2018 کے موقع پر انتخابی عملے نے بھی سوشل میڈیا کا سہارا لے لیا بیشتر پولنگ اسٹیشنوں پر تعینات کیے جانے والے انتخابی عملے نے باہمی رابطوں کو موثر بنانے اور ذمے داریوں کو بہتر اور منظم انداز میں ادا کرنے کیلیے واٹس اپ پر اپنے گروپ تشکیل دے دیے ہیں۔

پولنگ اسٹیشن کے پریزائیڈنگ افسران گروپ کے نگراں کی حیثیت سے اس مقبول رابطے کی سائٹ کے ذریعے ہدایات جاری کررہے ہیں علاوہ ازیں گروپ میں شامل انتخابی عملے کے ارکان بشمول پولنگ افسران انتخابی عمل کی تیاریوں کے حوالے سے تجاویز، سفارشات، آرا، تحفظات، ہدایات، احکام اور اعلانات سے بھی آگاہی حاصل کر رہے ہیں۔

پولنگ عملے کا کہنا ہے کہ یہ سہولت سود مند ثابت ہورہی ہے جبکہ اس عمل کی بدولت ان کو انتخابی ذمے داریوں کو زیادہ بہتر انداز میں ادا کرنے کا موقع میسر آئے گا ایک گروپ میں انتخابی عملے کو چوکس کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وہ الیکشن سے قبل رات کو ہی پولنگ اسٹیشن پہنچنے کے لیے خود کو تیار رکھیں، انتخابی عملے کو تجویز دی گئی ہے کہ وہ انتخاب والے دن دوران ووٹنگ ٹینڈر ووٹ اور چیلنج ووٹ سے بچنے کی کوشش کریں گم ہوجانے والے ووٹ کو ضایع ہی سمجھا جائے،تصدیق کرنے کی کوشش کی جائے کہ ووٹر نے اپنا ووٹ باکس میں ڈالا ہے۔

علاوہ ازیں بیلٹ پیپر گھر لے جانے کی کوشش کرنے والے پر بھی نظر رکھی جائے اس کے ساتھ اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ ووٹ ڈالنے کے عمل تک ووٹر کا قومی شناختی کارڈ اپنے پاس ہی رکھا جائے، تلخ کلامی سے اجتناب اور بہتر اخلاق سے پیش آیا جائے انتخابی عملے کو دلچسپ تاکید کی گئی ہے کہ صبح 9 سے شام 6 بجے تک بلا تعطل انتخابی عمل جاری رہنے کے سبب اس دوران کھانے اور نماز کی ادائیگی کے لیے اپنے طور پر وقت نکالنے کی کوشش کریں۔

واضح رہے کہ بیشترانتخابی امیدواروں نے پولنگ عملے کے درمیان رابطوں کے لیے سوشل میڈیا کو سہارا بنایا ہوا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |