مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فورسز کی فائرنگ سے 11 کشمیری زخمی کولگام میں ہڑتال

قابض فورسز نے ریڈونی میں مظاہرین کومنتشر کرنے کیلیے پیلٹ فائرنگ اور آنسوگیس کی شیلنگ بھی کی، ایک زخمی کی حالت نازک


خبر ایجنسی July 24, 2018
قیدیوں کو ایسی غذا فراہم کی جارہی ہے جو صحت مند انسان بھی ہضم نہیں کرسکتا، متعلقین کی میڈیاسے گفتگو۔ فوٹو : فائل

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسزنے ضلع کولگام میں احتجاجی مظاہرین پر فائرنگ کرکے 11 افراد کو زخمی کردیا جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق بھارتی فورسز نے ضلع میں ریڈونی کے علاقے لون محلہ کا محاصرہ کرکے گھر گھر تلاشی کی کارروائی شروع کردی جس کے خلاف لوگوں نے زبردست احتجاجی مظاہرے کیے۔ بھارتی فورسز نے احتجاجی مظاہرین کو منتشر کرنے کیلیے گولیاں، پیلٹ اور آنسو گیس کے گولے داغے جس کے نتیجے میں 11 افراد زخمی ہوگئے جن میں سے رقیب احمد نامی نوجوان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جس کوعلاج کیلیے سری نگر منتقل کردیا گیا۔

ریڈونی میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے 3نوجوانوں کے قتل کے خلاف ضلع کولگام میں مکمل ہڑتال کی گئی۔ مقبوضہ کشمیر میں سینٹرل جیل سری نگر کے قیدیوں نے نظربند افرادکی بیرون ریاست غیرقانونی منتقلی، غیر معیاری غذا کی فراہمی، طبی سہولت کی عدم فراہمی اور عدالتی سماعتوں میں تاخیرکے خلاف غیر معینہ مدت تک ہڑتال کر رکھی ہے۔

قیدیوں کے اہل خانہ نے سری نگر میں صحافیوں کو بتایا کہ نئی دہلی میں بی جے پی کی حکومت آنے کے بعد جیل کی صورت حال انتہائی ابترہوگئی ہے۔ انھوں نے قیدیوں کی بھوک ہڑتال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جیل کوبالخصوص علاقے میں گورنر راج کے بعد جہنم میں تبدیل کردیا گیا ہے۔

عبدالرشید نے جن کا بیٹا سینٹرل جیل سری نگر میں نظربندہے کہاکہ میں نے ابوغریب اور گوانتا نامو بے کے بارے میں سنا ہے لیکن سینٹرل جیل سری نگر کی حالت دیکھ کرمیں نہیں سمجھتا کہ دنیا میں اس سے بھی بدتر کوئی جیل ہوگی۔

رشید کو2ہفتے قبل اپنے بیٹے سے ملاقات کے موقع پر معلوم ہوا کہ اکثر قیدیوں کو ایسی غذا فراہم کی جارہی ہے جو صحت مند انسان بھی ہضم نہیں کرسکتا۔ بھارتی پولیس نے سری نگر میں ایک فوٹو جرنلسٹ کو احتجاجی مظاہروں کی کوریج کے دوران تشدد کا نشانہ بنایا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں