عام انتخابات ڈائریکٹر ہیلتھ کراچی کے دفتر میں کنٹرول روم قائم

انتظامی افسران کورابطے کی ہدایت، اسپتالوں کا 50 فیصد عملہ الیکشن ڈیوٹیوں پرمامور

  انتظامی افسران کورابطے کی ہدایت ،اسپتالوںکا50 فیصد عملہ الیکشن ڈیوٹیوں پرمامور۔ فوٹو : فائل

کراچی میں 25جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کے موقع پرکسی بھی ناخوشگوار واقعہ ہونے کی صورت میں ڈائریکٹرصحت کراچی کے دفتر میں میڈیکل کنٹرول روم قائم کردیاگیا اورہدایت دی گئی ہے کراچی کے تمام ضلعی صحت کے افسران وسرکاری اسپتالوں کی انتظامیہ کنٹرول روم کے رابطے میں رہے۔

کراچی میں کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعہ ہونے کی صورت میں ڈائریکٹر صحت کے دفتر کا کنٹرول روم تمام ضلعی اسپتالوں کی انتظامیہ کو ہدایت جاری کرے گا۔ دریں اثنا تمام سرکاری اسپتالوں کی انتظامیہ نے اپنا اپنا ایمرجنسی پلان مرتب کرکے ضلعی انتظامیہ کے حوالے کردیاہے۔


دوسری جانب سرکاری اسپتالوں کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ الیکشن کے موقع پر ڈاکٹروں وپیرا میڈیکل ونرسنگ عملے کی الیکشن ڈیوٹیوں کی وجہ سے اسپتالوں میں عملے کی شدیدکمی کا سامنا ہوگیا ہے جس کی وجہ سے مریضوں کوحصول علاج میں شدید دشواریوںکاسامنا ہے ،بتایا جاتا ہے کہ تمام سرکاری اسپتالوں سے 30سے50فیصد عملہ الیکشن ڈیوٹیوں میں تعینات کیاگیا ہے تاہم جناح اسپتال اورسول اسپتال اورقومی ادارہ امراض قلب کے ڈاکٹروں کو الیکشن ڈیوٹیوں سے استثنی قرار دیاگیا۔

سول اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹرایم توفیق کے مطابق الیکشن کے موقع پرممکنہ ہنگامی صورتحال ہونے کی صورت میں 100اضافی بستروں کا بندوبست کیاگیا جبکہ شعبہ حادثات میں ادویہ، اکسیجن کی فراہمی سمیت دیگرکو یقینی بنانے کے اقدامات بھی کرلیے گئے ہیں اور ڈاکٹر عارف نیازکوفوکل پرسن بھی تعینات کیاگیا ہے اسی طرح جناح اسپتال انتظامیہ نے بھی اسپتال میں ایمرجنسی پلان کو حتمی شکل دیدی ہے جو ضلعی انتظامیہ جنوبی کے دفترجمع کرادیا گیا ہے، پلان میں بتایا گیا ہے کہ کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ یا ایمرجنسی ہونے کی صورت میں متاثرین کو طبی امداد کی فراہمی کے لیے تمام اقدامات مکمل ہیں جس میں اسپتال میں اضافی بستروں کی تعداد میں بھی غیرمعمولی اضافہ کردیاگیا۔

ڈاکٹر سیمی جمالی کے مطابق عملے کی رخصت بھی منسوخ کردی گئی ہیں جبکہ شعبہ حادثات میں اضافی ڈاکٹروں اور دیگر عملے کو بھی تعینات کردیاگیا ہے، اسی طرح دیگربلدیات کے ماتحت چلنے والے کراچی ہارٹ انسٹیٹیوٹ، عباسی شہید اسپتال، گذرآباد،رفیقی شہید اسپتال، منگھوپیراسپتال سمیت دیگر اسپتالوں کی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ تمام اسپتالوں سے ڈاکٹروں اور دیگرعملہ الیکشن ڈیوٹیوں میں مقررکیاگیا جس کی وجہ سے مریضوں کو حصول علاج میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
Load Next Story